سہ ملکی ون ڈے سیریز، بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی، سرکار 87 رنز بنا کر ناقابل شکست، مستفیض 4 وکٹیں لیکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 19 مئی 2017 21:56

سہ ملکی ون ڈے سیریز، بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 ..
ڈبلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں مستفیض الرحمان کی عمدہ بائولنگ کے بعد سومیاسرکار کی شاندار بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی، بنگال ٹائیگرز نے 182 رنز کا ہدف 27.1 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، سومیا سرکار 87 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

مستفیض الرحمان کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں میزبان آئرش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 46.3 اوورز میں 181 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ایڈجائس 46، پال سٹرلنگ صفر، کپتان ولیم پورٹرفیلڈ 22، اینڈی بلبرائن 12، نیل اوبرائن 30، کیون اوبرائن 10، گیری ولسن 6، جارج ڈوکریل 25، بیری میکارتھے 12 اور پیٹر چیس بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، مستفیض نے 4 جبکہ مشرفی اور سنزام الاسلام نے 2، 2 مصدق حسین اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف با آسانی 28ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، سومیاسرکار اور تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 95 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، تمیم کے آئوٹ ہونے کے بعد سرکار نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، تمیم 47 اور صابررحمان 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مشفق الرحیم 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، میکارتھے اور کیون اوبرائن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :