وفاقی وزیر خزانہ سے عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء انیتے ڈکسن کی ملاقات

پاکستان میں عالمی بینک کی سرمایہ کاری ،مختلف منصوبوں پر جاری پیشرفت بارے تبادلہ خیال پاکستان نے اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک استحکام حاصل کرلیا ،حکومت بلند ، پائیدار ومجموعی شرح نمو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،سینیٹر اسحاق ڈار رواں مالی سال کے دوران 5.28 فیصد کی شرح نمو حاصل کی گئی ہے جوگزشتہ 10 سالوں کی بلند ترین سطح ہے،گفتگو

جمعہ 19 مئی 2017 22:01

وفاقی وزیر خزانہ سے عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء انیتے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے اب حکومت بلند ، پائیدار ومجموعی شرح نمو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، رواں مالی سال کے دوران 5.28 فیصد کی شرح نمو حاصل کی گئی ہے جوگزشتہ 10 سالوں کی بلند ترین سطح ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے یہ بات جمعہ کو عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء انیتے ڈکسن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ان کے ہمراہ کنٹری ڈائریکٹر پچاموتھو ایلانگوان اور دیگر سینئر حکام جبکہ وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پانی و بجلی و دیگر سینئر حکام بھی پر موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان میں عالمی بینک کی سرمایہ کاری اور مختلف منصوبوں پر جاری پیشرفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی معاونت کو سراہتے ہوئے منصوبوں پر پیشرفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر بیجنگ میں عالمی بینک کے صدر سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات انتہائی مفید رہی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کی گئی اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے، انہوںنے کہا کہ حکومت اب بلند، پائیدار و مجموعی شرح نمو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران 5.28 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے جو گزشتہ 10 سالوں کی بلند ترین سطح ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے وفد کو ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا ۔انیتے ڈکسن نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات پر عملدرآمد اور کامیابی پر حکومت پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اس کیساتھ ترقیاتی ایجنڈا کے تحت منصوبوں میں شراکت داری جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان حالیہ سالوں میں شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :