پاکستان میں موجود سیاحتی مقامات اور مواقع زر مبادلہ کمانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، چودھری عبدالغفور

تمام وفاقی و صوبائی سیاحتی و ثقافتی ادارے باہمی تعاون سے دنیا بھر ملک کا وقار بلند کرنے کیلئے کردار ادا کریں موجودہ حکومت نے عوام کو موٹر ویز، میٹرو بس، اورنج ٹرین اور سی پیک سمیت حکومت کی طرف سے دیئے گئے دیگر تحفے ملک کی تقدیر بدل دینگے، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی ایم ڈی پنجاب ٹور ازم احمر ملک سے گفتگو

جمعہ 19 مئی 2017 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) پاکستان میں موجود سیاحتی مقامات اور مواقع زر مبادلہ کمانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں،تمام وفاقی و صوبائی سیاحتی و ثقافتی ادارے باہمی تعاون سے دنیا بھر ملک کا وقار بلند کرنے کیلئے کردار ادا کریں،موجودہ حکومت نے عوام کو موٹر ویز، میٹرو بس، اورنج ٹرین اور سی پیک سمیت حکومت کی طرف سے دیئے گئے دیگر تحفے ملک کی تقدیر بدل دینگے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان نے یہ بات جمعہ کو منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ٹورازم احمر ملک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چودھری عبدالغفور خان نے کہا کہ اب مناسب ترین وقت ہے کہ تمام وفاقی اور صوبائی سیاحتی و ثقافتی ادارے باہمی تعاون سے دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستانی عوام کو موٹر ویز، میٹرو بس، اورنج ٹرین اور سی پیک سمیت کئی تحفے دئیے ہیں جو ملک کی تقدیر بدل دینگے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی و صوبائی سیاحتی ادارے اس کوریڈور کے ساتھ ساتھ قیام و طعام، سپا اور دیگر تفریحی سہولیات قائم کر سکتے ہیں جس سے آنیوالے سیاحوں کو سہولت ہو گی اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز حتیٰ کے نظر انداز شدہ سیاحتی شعبوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ ملک میں یہ شعبہ پروان چڑھے ۔انہوں نے کہاکہ سکھوں، ہندوؤں اور بدھ مت کے بے شمار مقدس مقامات پنجاب بھر میں پھیلے ہوئے ہیں ،پی ٹی ڈ ی سی اور ٹی ڈی سی پی ملکر ان مقدس مقامات پر آنیوالے زائرین کیلئے سہولیات قائم کر سکتے ہیں جن سے نہ صرف خصوصی مقدس دنوں بلکہ پورا سال زائرین استفادہ کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اسی طرح چھانگا مانگا کے جنگلات کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے نہر کے کنارے شجرکاری کی جائیگی اور کناروں کو مقامی سیاحوں کیلئے خوبصورت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پی ٹی ڈ ی سی کوصوبائی حکومتوں کے تعاون سے تاریخی عمارات کی بحالی کا کام بھی سونپاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی ڈی سی صوبائی اداروں، ائیر لائنز، ٹور آپریٹرزاور ہوٹلیرز کے باہمی تعاون س بین الاقوامی سیاحتی نمائشوں میں شرکت کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ نہ صرف پاکستان سے متعلق معلومات مشتہر کی جا سکیں بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کی پاکستان آمد میں بھی اضافہ ہو۔

اس موقع پر ایم ڈی پنجاب ٹورازم احمر ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ڈی سی پی پنجاب بھر میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے جس کیلئے صوبہ بھر میں ریزارٹس قائم کیے گئے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ تاریخی ورثہ کی بحالی پر بھی کا م جاری ہے۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث گزشتہ سالوں کے مقابلے میں سیاحوں کی تعداد میں نمایا ں اضافہ ہوا ہے۔ ہم دونوں اداروں سمیت تمام سیاحتی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔