پنجاب اسمبلی کا29واں اجلاس ، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ زیر بحث آیا،

پارلیمانی سیکرٹری نے محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے، اجلاس میں مقامی مجلس قائمہ برائے صنعت و تجارت ،مقامی حکومت ،کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور سوشل ویلفیئر ، بیت المال کی رپورٹیں بھی ایوان میںپیش ،کورم پورا نہ ہونے کے باعث ایجنڈے پر موجود آرڈیننس راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ،آرڈیننس فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی،آرڈیننس نشتر میڈیکل یونیورسٹی اورآرڈیننس ( ترمیم) پولیس آرڈر2017ء پیش نہ کئے جا سکے ،اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا

جمعہ 19 مئی 2017 22:19

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) پنجاب اسمبلی کا29واں اجلاس جمعہ کے روز سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادویو کا معاملی بھی زیر بحث آیا،اپوزیشن لیڈر کی اس سلسلہ میں قرار داد کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وہ اس قرارداد کوترامیم کے ساتھ پیش کرنا چاہتے ہیں،انہوںنے اپنی ترمیمی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا کلبھوشن یاد کی پھانسی رو کنے کا عارضی فیصلہ ایڈوائزری نوعیت کا ہے ۔

عدالتی دائرہ اختیار اور میرٹ پر عدالتی فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے ۔ لیکن بھارتی میڈیا اور بھارتی اینٹی پاکستانی لابی اس فیصلے کو اپنے حق اور پاکستان کے خلاف منفی پرا پیگنڈا کے طور پر استعمال کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے ۔

(جاری ہے)

افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان کے اندر کچھ لوگ اپنی منفی سوچ اور حکومت سے اپنی نفرت ، بغض اور حسد کی آگ کو بجھانے کے لئے نا دانستہ اور نا دانی میں اس پراپیگنڈا کا حصہ بن رہے ہیں ۔

یہ ایوان ایسی تمام کوششوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس بارے میں وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہتا ہے اور بھرپور اعتماد کا اظہار کرتا ہے ۔اس دوران کورم کی نشاندہی پر اسپیکر نے اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا ۔ قبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری مہوش سلطانہ نے محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔ اپوزیشن رکن ڈاکٹر وسیم اختر کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ یونیورسٹی کی فیسوں کے حوالے سے سنڈیکیٹ سے اس کی منظوری لی جاتی ہے ، اسپیکر نے کہا کہ یونیورسٹی فیسوں کے معاملے کا حل نکال کر دو ماہ میں ایوان میں رپورٹ پیش کی جائے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے احسن ریاض فتیانہ کا پی ایس ٹی کالج کمالیہ سے متعلق سوال سوموار تک کے لئے موخر کر دیا ۔ اسپیکر رانا محمد اقبال نے مختلف یونیورسٹیز کی طرف سے فیسوں کی ادائیگی میں تاخیر پر مختلف شرح سے جرمانے کے معاملے پر سوال کو بھی سوموار تک موخر کرتے ہوئے کہا کہ دوپہر ایک بجے متعلقہ وزیر ،سیکرٹری میر ے ساتھ بیٹھیں گے ۔اسپیکر رانا محمد اقبال نے اقلیتی رکن شہزاد منشی کے سوال کا جواب نہ آنے پر اس کی انکوائری کر کے ایوان کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

اجلاس میں مقامی مجلس قائمہ برائے صنعت و تجارت ،مقامی حکومت ،کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور سوشل ویلفیئر ، بیت المال کی رپورٹیں بھی ایوان میںپیش کی گئیں۔ اجلاس میں حکمران جماعت کے رکن راجہ شوکت عزیز بھٹی نے کہا کہ اگر ایک بھارتی جاسوس اور دہشتگرد کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں سنا جا سکتا ہے تو بھارت کی طرف سے کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو کیوںعالمی عدالت انصاف میں نہیں لیجایا جا سکتا۔

انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بھارتی مظالم کو عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے ۔ کورم پورا نہ ہونے کے باعث ایجنڈے پر موجود آرڈیننس راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ،آرڈیننس فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی، آرڈیننس نشتر میڈیکل یونیورسٹی اورآرڈیننس ( ترمیم) پولیس آرڈر2017ء پیش نہ کئے جا سکے ۔