میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کا اجلاس ، عوامی نمائندوں نے اپنے اعزازیہ کی منظوری دے دی

میئر کو سوا لاکھ ،ڈپٹی میئر ز کو ایک لاکھ ، ایم سی آئی ممبران کو 75 ہزار ، وائس چیئرمین کو 45 اور کونسلرز کو ماہانہ 25ہزار کی بھاری رقم ملے گی،اعزازیہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی ممبران کے بھی وفاقی ترقیاتی ادارے پر تابڑ توڑ حملے سی ڈی اے کو ’’ ماسی دا ویڑا‘‘ قرار دے دیا،ڈی جی پارکس سی ڈی اے کو برطرف کرنے، ہر یونین کونسل میں کم سے کم ایک پلے گرائونڈ کی تعمیر کا مطالبہ، اسلام آباد میں واٹر ٹیکسز میں اضافے کی قرارداد مسترد پہلے شہریوں کو پانی دو، پھر ٹیکس میں اضافے کا سوچا جائے، اپوزیشن لیڈر علی اعوان

جمعہ 19 مئی 2017 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے عوامی نمائندوں نے اپنے اعزازیہ کی منظوری دے دی،میئر کوایک لاکھ 25ہزار ،ڈپٹی میئر ز کو ایک لاکھ روپے ماہانہ ، ایم سی آئی ممبران کو 75 ہزار ، وائس چیئرمین کو 45ہزار اور کونسلرز کو ماہانہ 25ہزار کی بھاری رقم ملے گی،اعزازیہ کو حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا، ایم سی آئی اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی ممبران کے بھی وفاقی ترقیاتی ادارے پر تابڑ توڑ حملے، سی ڈی اے کو ’’ ماسی دا ویڑا‘‘ قرار دے دیا،ڈی جی پارکس سی ڈی اے کو برطرف کرنے، ہر یونین کونسل میں کم سے کم ایک پلے گرائونڈ کی تعمیر کا مطالبہ، اسلام آباد میں واٹر ٹیکسز میں اضافے کی قرارداد مسترد کر دی گئی، اپوزیشن لیڈر علی اعوان نے کہا کہ پہلے شہریوں کو پانی دو، پھر ٹیکس میں اضافے کا سوچا جائے۔

(جاری ہے)

میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کا 13واں اجلاس جمعہ کو پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایم سی آئی کے ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید نے کی جبکہ ڈپٹی میئرسید ذیشان علی نقوی کے علاوہ اسلام آباد کی مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایم سی آئی کے بارھویں اجلاس کی کاروائی کی توثیق کی گئی جبکہ ایجنڈا کے مطابق اسلام آباد میں پراپرٹی ٹیکس، واٹر اور کنزروینسی چارجز پر نظر ثانی کرنے پر تفصیلی بحث کی گئی جس میں ایم سی آئی کے ممبران نے حصہ لیا تاہم اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس اہم مسئلے پر ایوان کی ایک کمیٹی بنائی جائے جو اپنی سفارشات تیار کر کے اجلاس میں پیش کرے تاکہ اُس پر بحث کی جا سکے۔

اجلاس میں اسلام آباد کے پارکوں، گرائونڈز اور نالوں کی خستہ حالت پر بھی ایم سی آئی کے ارکان نے بحث کرتے ہوئے کہا کہ گرائونڈز اور پارکوں کی حالت بہت خراب ہے جس کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ بچے اور شہری ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں نئے گرائونڈز اور پارکوں کی سہولت سے محروم ہیں لہذا دیہی علاقوں میں نئے گرائونڈز اور پارک بنائے جائیں۔

علاوہ ازیں گندے نالوں کی صفائی اور نالوں کے کناروں پر آبادی کے رجحان کو روکنے کے لیے حفاظتی دیوار بنانے کی بھی تجویز دی گئی۔ ایم سی آئی کے ممبران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلام آباد کے نالوں کے علاوہ صفائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھر پور مہم چلائی جائے جبکہ پارکوں کے اندر سیکورٹی اور روشنی کے علاوہ تفریحی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں خواتین کو سہولیات دینے کے بارے میں بحث کی گئی اور تجویز دی گئی کہ خواتین کے لیے علیحدہ پارکس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید نے اجلاس کو بتایا کہ ایم سی آئی کی خواتین ارکان کے لیے علیحدہ دفتر بنا دیا گیا ہے جو کہ آئندہ پیر تک حوالے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بھر پور نمائندگی دینے کے لیے ہر کمیٹی میں خواتین ارکان کو بھی شامل کیا جاتا ہے ۔

اجلاس میں سی ڈی اے کی طرف سے دیہی علاقوں میں بجلی اور گیس کے کنکشن کے حصول کے لیے این او سی لینے کے خلاف متفقہ قرار داد منظورکی گئی کہ بجلی اور گیس بنیادی ضرورت ہے لہذا اس پر این او سی کی شرط کو ختم کیا جائے۔ اجلاس میں میئر ،ڈپٹی میئر ز اور ایم سی آئی کے ممبران ، وائس چیئرمین ، اور کونسلرز کے لیے اعزازیہ کی بھی منظوری دی گئی تاہم اس کی حتمی منظوری کے لیے حکومتِ پاکستان کو بھیجا جائے گا۔ (ار)