پنجاب اسمبلی ‘محکمہ ہائر ایجوکیشن کے متعلقہ سوال کا معاملہ حل کر کی2ماہ میں ایوان میں رپورٹ پیش کر نے کا حکم دیدیا

اسپیکر نے مختلف یونیورسٹیز کی طرف سے فیسوں کی ادائیگی میں تاخیر پر مختلف شرح سے جرمانے کے معاملے پر سوال کو بھی سوموار تک موخرکردیا کورم پورا نہ ہونے کے باعث حکومت ایجنڈے پر موجود آرڈیننس راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ،آرڈیننس فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی،آرڈیننس نشتر میڈیکل یونیورسٹی اورآرڈیننس ( ترمیم) پولیس آرڈر2017ء پیش نہ کر سکی

جمعہ 19 مئی 2017 22:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری مہوش سلطانہ کے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے متعلقہ سوال کا معاملہ حل کر کی2ماہ میں ایوان میں رپورٹ پیش کر نے کا حکم دیدیا جبکہ اسپیکر رانا محمد اقبال نے مختلف یونیورسٹیز کی طرف سے فیسوں کی ادائیگی میں تاخیر پر مختلف شرح سے جرمانے کے معاملے پر سوال کو بھی سوموار تک موخر کرتے ہوئے کہا کہ دوپہر ایک بجے متعلقہ وزیر ،سیکرٹری میر ے ساتھ بیٹھیں گے جبکہ کورم پورا نہ ہونے کے باعث حکومت ایجنڈے پر موجود آرڈیننس راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ،آرڈیننس فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی،آرڈیننس نشتر میڈیکل یونیورسٹی اورآرڈیننس ( ترمیم) پولیس آرڈر2017ء پیش نہ کر سکی ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن ڈاکٹر وسیم اختر نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ بہاولپور اور لاہور کی یونیورسٹیز میں فیسوں کی شرح میں وسیع فرق ہے ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ سے اس کی منظوری لی جاتی ہے جس پر ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ یونیورسٹیز ذبح کر رہی ہیں او رکوئی پوچھنے والا نہیں ۔

جس پر اسپیکر نے پارلیمانی سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیس میں ایک لاکھ روپے کا فرق ہے یہ درست بات نہیں لگتی ،طریقہ بتائیں جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ اس معاملے کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھجوا دیتے ہیں اور اس کا حل نکالتے ہیں ۔ڈاکٹر وسیم اختر مطمئن نہ ہوئے جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے انہیں دوبارہ یقین دہانی کرائی کہ اس پر نظر ثانی کرتے ہیں اور اس معاملے کو ہائیر ایجوکیشن کو بھجوا تے ہیں ۔

ڈاکٹر وسیم اخترنے کہا کہ یہ معاملہ تو ایسے ہی لٹکا رہے گا جس پر اسپیکر نے کہا کہ اس معاملے کا حل نکال کر دو ماہ میں ایوان میں رپورٹ پیش کی جائے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے احسن ریاض فتیانہ کا پی ایس ٹی کالج کمالیہ سے متعلق سوال سوموار تک کے لئے موخر کر دیا اسپیکر رانا محمد اقبال نے اقلیتی رکن شہزاد منشی کے سوال کا جواب نہ آنے پر اس کی انکوائری کر کے ایوان کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں مقامی مجلس قائمہ برائے صنعت و تجارت ،مقامی حکومت ،کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور سوشل ویلفیئر ، بیت المال کی رپورٹیں بھی ایوان میںپیش کی گئیں۔