Live Updates

نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والے جھوٹے، کسی نے نئے پاکستان کا حال دیکھنا ہے تو خیبر پختون خواہ میں جاکر دیکھ لے، کیپٹن(ر) محمدصفدر

خیبر پختونخوا میں عمران خان کی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ‘ پاکستان میں عمران خان کے بے حیائی کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ملکی تعمیر وترقی کی واحد ضمانت محمد نواز شریف ہے جس کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کررہا ہے ،مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر) محمدصفدر کا سیالکوٹ میںیوتھ کنونشن سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 23:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر) محمدصفدر نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والے جھوٹے ہیں اگر کسی نے نئے پاکستان کا حال دیکھنا ہے تو وہ خیبر پختون خواہ میں جاکر دیکھ لے ،وہاں عمران خان کی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ‘ پاکستان میں عمران خان کے بے حیائی کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ملکی تعمیر وترقی کی واحد ضمانت وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ہے جس کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کررہا ہے ۔

وہ جمعہ کوشام امام صاحب ؒگراؤنڈ سیالکوٹ میں موسلا دار بارش کے دوران کھلے آسمان تلے منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر مملکت عابد شیر علی ،کاشف نوازرندھاوا، فاروق گھمن اور تنویر اختر کے علاوہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی ا س موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) محمدصفدر نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے جوانوں کا ولولہ انگیز جذبے کے آگے بارش کیا وہ گولیوں کے سامنے بھی جرأت اور بہادری سے کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ شیر کا نشان ہی پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کاضامن ہے ۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ ایک سزا یافتہ مجرم کا بیٹاعمران خان کیا احتساب کرے گا ، بکری خاں میاں نواز شریف سے کیا مقابلہ ہے ۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ عمران خان کا والد چوری کے جرم میں سزا یافتہ مجرم ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ خواجہ محمد آصف کا شہر ہے جو مسلم لیگ ن کا شیر ہیں اور پچھلی 3دہائیوں سے میاں محمد نواز شریف کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کرکھڑا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کیلئے خواجہ محمد آصف اکیلئے ہی کافی ہیں ۔ عابد شیر علی ، کیپٹن (ر) محمد صفدر کی تقریر کے دوران کارکنوں کو جوش برقرار رکھنے کیلئے شیر ، شیر کے نعرے لگواتے رہے ۔ قبل ازیں مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما کاشف نواز رندھاوا اور محمد فاروق گھمن نے مرکزی قائد ین کو سیالکوٹ آنے کا خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ سیالکوٹ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے اور یہاں کے باسی میاں محمد نواز شریف سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں ۔ بارش کی وجہ سے تقریب کا نظام درہم برہم ہوگیا اور تقریب کو قبل ازوقت ختم پڑا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات