تبدیلی الزامات ،جلسوں میں جھوٹ بولنے سے نہیں ، رات بھر جاگ کر قوم کی خدمت کرنے سے آتی ہے‘ خواجہ سعد رفیق

ایک شخص گالیاں دیکر عدالتوں اور اداروں کو دبائو میں لاتا ہے، ہم اتنے برے لوگ ہیں تو ہمیں لوگ ووٹ کیوں دیتے ہیں تمام سازشوں کے باوجود 4سال کا عرصہ گزرگیا ،باقی ماندہ ایک سال بھی گزر ہی جائیگا‘ وفاقی وزیر ریلوے کا تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 مئی 2017 16:31

تبدیلی الزامات ،جلسوں میں جھوٹ بولنے سے نہیں ، رات بھر جاگ کر قوم کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تبدیلی الزامات اور جلسوں میں جھوٹ بولنے سے نہیں ، رات بھر جاگ کر قوم کی خدمت کرنے سے آتی ہے،ایک شخص گالیاں دے کر عدالتوں اور اداروں کو دبائو میں لانے کی کوشش کرتا ہے ، ہم اتنے برے لوگ ہیں تو ہمیں لوگ ووٹ کیوں دیتے ہیں ،مخالفین نے بہت زور لگایا کہ مدت سے پہلے ہی ہماری حکومت ختم ہوجائے لیکن تمام سازشوں کے باوجود 4سال کا عرصہ گزرگیا اور باقی ماندہ ایک سال بھی گزر ہی جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں اسکول کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی میں وقت لگتا ہے فوری طور پر خوشحالی یا ترقی ہوجائے تو ضرور اس کے پیچھے کوئی گڑبڑ ہوتی ہے، ہم نے 4 سال کے عرصے میں ملک کے حالات پہلے سے کہیں بہتر کردیئے، ملکی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، عوام کی خدمت کے لئے منصوبوں کی تکمیل جاری ہے، بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، بہترین تعلیم کے ذریعے معاشرے کو محفوظ بنایا جا رہا ہے، پہلی16، 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب نہ ہونے کے برابر ہے، ہم کراچی میں امن لے کر آئے ہیں اور آج شہر قائد کے حالات بدل چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اقتصادی راہداری کا بڑا منصوبہ ایسے ملک کے تعاون سے لے کر آئے جس نے ترقی میں یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ہمارا بہترین دوست ملک ہے، اب پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے ملک میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے، غربت اور مظلومی میں کئی سال گزارے ہیں لیکن اب پاکستان کا اچھا وقت آرہا ہے۔سعد رفیق نے کہا کہ الزامات لگانے اور جلسوں میں جھوٹ بول کر ملک میں تبدیلی نہیں آتی بلکہ تبدیلی رات بھر جاگ کر ملکی خدمت کرنے سے آتی ہے اور ہم ہی ملک کی تقدیر بدلیں گے، مخالفین نے بہت زور لگایا کہ مدت سے پہلے ہماری حکومت ختم ہو جائے لیکن تمام سازشوں کے باجود 4سال کا عرصہ گزر چکا اور باقی مانندہ ایک سال بھی نکل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنا مرضی زور لگا لیں سڑکیں بھی بنائیں گے، ریلوے بھی ٹھیک کریں گے اور بسیں بھی چلتی رہیں گی اور اگلا بجٹ بھی اسحاق ڈار ہی پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین جلسوں میں لمبی لمبی چھوڑتے ہیں ، سرکس کرتے ہیں۔ ایک شخص گالیاں دے کر عدالتوں اور اداروں کو دبائومیں لانے کی کوشش کرتا ہے ۔ ابھی الیکشن میں ایک سال باقی ہے لوگ سوچ سمجھ کر ہمیں ووٹ دیتے ہیں ،اگر ہم اتنے ہی برے لوگ ہیں تو لوگ ہمیں ووٹ کیوں دیتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں کی تکمیل جاری ہے ،کسی بھی قوم کی ترقی کا راستہ صرف تعلیم ہے اور معاشرے کی ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم انتہائی ضروری ہے ۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو بہترین تعلیم دے کر معاشرے کو محفوظ بنایا جائے، والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں ۔

متعلقہ عنوان :