موجودہ گرمیوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار 20ہزار میگا واٹ تک بڑھادی جائے گی ،چوہدری عابد شیر علی

اس وقت ملک میں صرف انہی جگہوں پر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جہاں پر بجلی کے بلوں کی ادائیگی غیرتسلی بخش ہے،وزیر مملکت کا پاورجنریشن کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 17:06

موجودہ گرمیوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار 20ہزار میگا واٹ تک بڑھادی جائے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 17مئی 2017ء کو پاکستان نے بجلی کے شعبے میں ایک سنگ میل عبور کیا جب ریکارڈ 1720میگا واٹ بجلی پیدا کی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نویں سالانہ پاورجنریشن کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ گرمیوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار 20ہزار میگا واٹ تک بڑھادے گا جب کہ ایل این جی کے نئے پاور پروجیکٹ سے بھی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں صرف انہی جگہوں پر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جہاں پر بجلی کے بلوں کی ادائیگی غیرتسلی بخش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے رمضان المبارک میں لوگوں کو سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اپنے آبی ذخائر کی بدولت پاکستان کے توانائی کے بحران کو حل کرنے میں بے پناہ مدد دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں کئی چھوٹے آبی بجلی کے منصوبے زیر تعمیر ہیں جبکہ ایک بڑا منصوبہ نیلم جہلم اگلے سال تک مکمل ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی آزاد کشمیر کے ہر ضلع کا اپنا چھوٹا ڈیم ہوگا انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر چاہتا ہے کہ اسے بجلی پیدا کرنے کیلئے پانی استعمال کرنے کے اخراجات خیبر پختونخواں کے برابر دیئے جائیں جبکہ واپڈا سے بجلی کے حوالے سے جنرل سیلز ٹیکس کے لاگو ہونے کا مسئلہ بھی حل ہو۔

اس موقع پر یورپی یونین کے ایمبسڈرجین فرینکوئس کوٹین، چیف کنٹری ہیڈ جی ای صارم شیخ، ڈینمارک کے سفیر اولی تھونکی ، محمد نعیم قریشی چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی اور منیجنگ ایڈیٹر انرجی اپ ڈیٹ، ظفر سبحانی ایڈوائزر انرجی اپ ڈیٹ، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری، سی ایف او سندھ اینگرو کول مائننگ شہاب قادر، سی ای آلٹرنیٹ انرجی ڈیولپمنٹ بورڈامجد علی عوان ، سی ای او پختونخواہ انرجی ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اکبر ایوب خان ، سی ای او اسٹار ہائیڈرو پاور وقار احمد خان اور منسٹر انرجی اینڈ پاور کے پی کے محمد عاطف نے بھی خطاب کیا۔

پاکستان میں ڈینمارک کے سفیر اولی تھونکی نے اس موقع پر کہا کہ ڈینمارک پاکستان کو پن بجلی کے استعمال کیلئے بھرپور تکنیکی مدد فراہم کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینمارک 2050ء تک اپنی بجلی کے پیداوار کو مکمل طور پر رہائشی ذرائع سے نئے متبادل ذرائع پر منتقل کر دے گا۔ اس موقع پر شاہ جہاں مرزا جو کہ پی پی آئی بی کے سربراہ ہیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نجی شعبے کی بجلی کے پیداوار کیلئے حصہ 47فیصد تک بڑھ جائے گا۔ اس وقت ملک میں پہلی مرتبہ نجی شعبہ آبی بجلی کے کئی چھوٹے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جبکہ ایل این جی، شمسی توانائی اور پن بجلی سے بھی توانائی حاصل کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :