گلوکار شہزاد رائے نے کوکا کولا کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا

کمپنی نے اپنے 'اسپرائٹ' نامی برانڈ کے اشتہار میں ان کا 2008 کا مشہور گانا 'لگا رہ' استعمال کیا، شہزاد رائے

ہفتہ 20 مئی 2017 18:10

گلوکار شہزاد رائے نے کوکا کولا کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) پاکستان کے جانے پہچانے پاپ گلوکار شہزاد رائے نے مشروبات تیار کرنے والی معروف کمپنی کوکا کولا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزاد رائے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمپنی نے اپنے 'اسپرائٹ' نامی برانڈ کے اشتہار میں ان کا 2008 کا مشہور گانا 'لگا رہ' استعمال کیا۔

شہزاد رائے کا الزام ہے کہ انہوں نے کوکا کولا کو 'اسپرائٹ ریفریشمنٹ 2017' نامی اشتہار میں اپنا گانا استعمال کرنے کی باقاعدہ اجازت نہیں دی تھی اور کمپنی ان کے گانے کو استعمال کرکے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔گلوکار کے مطابق کوکا کولا کی ایڈورٹائزنگ ایجنسی سوہو اسکوائر نے ان سے رابطہ کیا تھا کہ وہ 'لگا رہ' گانے کو اپنے اشتہار میں استعمال کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے ان کی ٹیم اور کمپنی کے درمیان معاہدے کے مسودے کا تبادلہ بھی ہوا مگر انہوں نے گانے کے استعمال کی حتمی اجازت نہیں دی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 'میں ابھی معاہدے کا جائزہ ہی لے رہا تھا کہ سوہو اسکوائر اور کوکا کولا کمپنی نے اشتہار تیار کرکے اسے آن ایئر کردیا'۔گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ ان کا گانا 'لگا رہ' ایک پراثر سماجی و سیاسی پیغام پر مشتمل گانا ہے جبکہ اشتہار میں اس پر لگائی گئی ویڈیو اور تصاویر اس کے بالکل برعکس ہیں۔واضح رہے کہ 2008 میں سامنے آنے والے شہزاد رائے کے اس گانے میں طنزیہ انداز میں عام پاکستانیوں کی مشکلات کو بیان کیا گیا تھا۔

شہزاد رائے کے مطابق اسپرائٹ کا یہ اشتہار 3 اپریل سے 9 اپریل تک آن ایئر رہا جس کے بعد اس میں سے 'لگا رہ' کو ہٹا کر کوئی اور گانا شامل کردیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اشتہار سامنے آنے کے فوری بعد کمپنی کو خلاف ورزی سے متعلق آگاہ کیا گیا تاہم انہوں نے چند دن مزید جان بوجھ کر وہی اشتہار آن ایئر رکھا، جبکہ 9 اپریل کے بعد اشتہار میں سے گانے کو ہٹانا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ سوہو اسکوائر اور کوکا کولا اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ انہوں نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی۔

متعلقہ عنوان :