آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا سمیت وفاق میں بھی اقتدار سنبھالے گی،محب اللہ خان

جنہیںتبدیلی نظر نہیں آرہی وہ سوات میں گزشتہ 56سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا موازنہ پی ٹی آئی کے گزشتہ چارسالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے کر لیں،وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و ماہی پروری کا واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 23:00

ٍپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مئی2017ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و ماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور قائد عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ صوبے سے کرپشن کے خاتمے ، میرٹ اور قانون کی بالادستی سمیت ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج سوات کے علاقے مٹہ تحصیل یونین کونسل برہ شور میں ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے واٹر سپلائی سکیم کے افتتاح کے موقع پر علاقہ معززین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سوا ت کے سینئرنائب صدر سعید خان ، عبدالکبیر خان اور ضلعی و تحصیل ممبران سمیت پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار بھی کثیر تعداد میں موجودتھے ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی محب اللہ خان نے مزید کہا کہ موجود ہ صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی صوبے سے کرپشن کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کو قائم رکھنے کا عزم کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائے اور گزشتہ چار سالوں میں ہزاروں لوگوں کو شفاف طریقہ کار اور میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوات پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ بن چکاہے اس لئے سوات کی تعمیر وترقی ہماری اولین ترجیح ہے ۔

محب اللہ خان نے کہا کہ اگر کسی کو تبدیلی نظر نہیں آرہی تو سوات میں گزشتہ 56سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور پی ٹی آئی کے گزشتہ چارسالوں کے ترقیاتی کاموں کاموازنہ کریں ان کو تبدیلی صاف نظر آجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا سمیت وفاق میں بھی اقتدار سنبھالے گی اورعوامی ووٹ کی طاقت سے ملک وقوم کی خدمت کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق صوبہ خیبرپختونخو ا کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہاہے اور خیبرپختونخوا کو ان کے جائز حق سے محروم کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبے اور عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور یہاں کے عوام کو محرومیوں کی دلدل سے نکال کر ایک پائیدار اور پر امن ماحول میں تیز تر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :