عالمی برادری سنجیدہ ہے تو کشمیر، فلسطین میں جاری ریاستی دہشت گردی رکوائے، کلبھوشن پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور ماہر وکلا پر مشتمل پینل کی تشکیل کا مطالبہ ، عالمی عدالت انصاف میں پہلی ناکامی کی وجوہات پر وزارت دفاع ، وزارت خارجہ اور آئی ایس پی آر وضاحت کریں

چیئرمین پاکستان یونائیٹڈ کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مئی2017ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے عالمی عدالت انصاف کے بھارتی جاسوس کلبھوشن کی سزائے موت روکنے کے فیصلے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی ناکامی کی وجوہات اور اس متنازع عدالت کے فیصلے کی روشنی میں وزارت دفاع ، وزارت خارجہ اور آئی ایس پی آر کو وضاحت کرنی چاہیے، جب بھارت اور امریکہ نے متعدد کیسوں میں عالمی عدالت انصاف کو تسلیم نہیں کیا تو پاکستان نے اسے مارچ میںتسلیم کیوںکیا قوم اس سوال کا جواب چاہتی ہے۔

وہ ہفتہ کو مجلس عاملہ کے اجلاس میں خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں ، عوام کسی ریاستی اہلکار یا سیاستدان کو قومی مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، حکمرانوں کو وضاحت کرنی چاہیے کہ بھارتی وکلا کی ٹیم کامیاب اور ہم ناکام کیوںرہی بغیر تیاری کے عدالت میں پیش ہونے کا سرتاج عزیز کا اعتراف چشم کشا اور قومی معاملات میں غیر سنجیدگی کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ عالمی عدالت انصاف کا کیسا قانون ہے جو پاکستان میں ہزاروں افراد کو قتل کروانے والے دہشت گرد کلبھوشن کو تحفظ فراہم کرتا اور مظلوموں کی آواز سننے کو تیار نہیں ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہے تو بھارت کی کشمیر اور اسرائیلی کی فلسطین میں ریاستی دہشت گردی رکوائے اور امت مسلمہ کے موقف کی حمایت کرے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرکے کلبھوشن کے معاملے پر بحث کی جائے اور عالمی قوانین کے ماہر وکلا پر مشتمل پینل تشکیل دیا جائے۔ کلبھوشن یادیوکا زندہ بچنا ملکی قوانین کی مخالفت اور دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے خون سے غداری اور ورثا کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہوگا۔