حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل ،کرپشن کی جس دلدل میں پھنسا یا نکلنے کا واحد راستہ شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات ہیں ‘ سراج الحق

عوام کا اعتماد انتخابات سے اٹھتا جارہاہے ،حکمرانوں نے عام آدمی کو مایوس کیا ، جے آئی ٹی کے نتیجہ میں بھی کرپٹ لوگ احتساب سے بچ گئے توپھر عوام چوکوں ،چوراہوں پرلٹیروں کا احتساب کرینگے‘امیر جماعت اسلامی کی مخدوم احمد محمود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 مئی 2017 21:29

حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل ،کرپشن کی جس دلدل میں پھنسا یا نکلنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل اور کرپشن کی جس دلدل میں پھنسا دیاہے اس سے نکلنے کا واحد راستہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں ، جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز کے لیے ایک پیج پر لانے کی کوشش کر رہی ہے ،عوام کا اعتماد انتخابات پر سے اٹھتا جارہاہے اور موجودہ حکمرانوں نے عام آدمی کو سخت مایوس کیاہے ، جے آئی ٹی کے نتیجہ میں بھی کرپٹ لوگ احتساب سے بچ گئے توپھر عوام چوکوں اور چوراہوں میں لٹیروں کا احتساب کریں گے ،پنجاب کے وسائل ایک محدود علاقے میں خرچ کیے جارہے ہیں جس سے جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے دیگر حصوں میں سخت مایوسی اور نفرت پائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صد ر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے ہمراہ منصورہ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، امیر العظیم ، ڈاکٹر سید وسیم اختر اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں دونوں رہنمائوں کے درمیان قریباً نصف گھنٹہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کے اداروں ،جمہوریت ،سیاست اور انتخابی نظام پر مخصوص لابی کا قبضہ ہے اور الیکشن کے موقع پر اربوںکھربوں لگا کر وہ عوام کا مینڈیٹ خریدتے ہیں جس سے بہتری آنے کی بجائے چاروں طرف ابتری نظر آتی ہے ۔ انہوں نے بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام بجٹ کواسحق ڈار کی طرف سے ڈرون حملہ سمجھتے ہیں اور اسی سوچ میں غرق ہیں کہ اس بجٹ کے بعد ملک و قوم کا کیا بنے گا ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے مشیروں کی طرف سے تیار کیے گئے بجٹ میں پاکستان کے عوام کے لیے مزید مہنگائی اور ٹیکسوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ آخری بجٹ کے بعد مزید کئی بجٹ آئیں گے جن سے عوام کی پریشانی اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے چار سالہ دور میں بدامنی ، مہنگائی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور بے یقینی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔

حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے ہمارے دوست ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ میں نے آصف علی زرداری سے الیکشن ریفارمز پر مشترکہ موقف کے لیے ملاقات کی ہے اور جلد پی ٹی آئی اور جے یو پی سمیت سیاسی و دینی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کر کے تمام سیاسی قیادت کو الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنانے پر متحد کروں گا ۔

انہوں نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام میں حکمرانوں کے خلاف سخت غصہ اور نفرت پائی جاتی ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا ایک ہی علاج ہے کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ کی حیثیت دی جائے ، نمائشی اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان قوم کی ضرورت ہے پاکستان کسی وڈیرے ، جاگیردار یا جرنیل نے نہیں بنایا ۔

انہوں نے کہاکہ عوام کا اصل امتحان آئندہ انتخابات میں اہل اور دیانتدار لوگوں کا انتخاب ہے ۔ مخدوم احمد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں صوبہ بہاولپور کی حمایت پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔ جماعت اسلامی بہترین لوگوں کی ایک منظم جماعت ہے جس نے ملک و قوم کی بڑی خدمت کی ہے ۔ انہوں نے خاص طور پر کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک اور امیر جماعت اسلامی کے کردار کی تحسین کی ۔