ملک دشمن کاغذات رکھنے کا الزام، بنگلہ دیشی اپوزیشن لیڈر کے دفتر پر چھاپہ

پولیس خالدہ ضیا کے ڈھاکا میں سینٹرل آفس کے تالے توڑ کر اندر گھس گئی،اپوزیشن کے احتجاجی مظاہرے

اتوار 21 مئی 2017 11:50

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2017ء) بنگلہ دیش میں پولیس نے سابق وزیر اعظم اور موجودہ اپوزیشن کی مرکزی رہنما خالدہ ضیا کے دفتر پر ’ملک دشمن دستاویزات‘ کی تلاش میں چھاپہ مارا، جس کے بعد اپوزیشن کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق س دوران اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی یا بی این پی کی لیڈر اور سابقہ وزیر اعظم خالدہ ضیا کے دفتر کی تلاشی لی گئی۔

اس چھاپے کے بعد اپوزیشن کارکن اس کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید طیش میں آ گئے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے۔ بنگلہ دیش میں، جہاں حکومت اور اپوزیشن کے سیاسی تعلقات عرصے سے بہت ہی خراب چلے آ رہے ہیں، پولیس دو مرتبہ ملکی وزیر اعظم رہ چکی خاتون سیاستدان خالدہ ضیا کے ڈھاکا میں سینٹرل آفس کے تالے توڑ کر اندر گھس گئی۔

(جاری ہے)

ڈھاکا میں یہ چھاپہ شہر کی اشرافیہ کا علاقہ سمجھے جانے والے حصے گلشن میں قائم جس دفتر پر مارا گیا، وہ ایک دو منزلہ عمارت ہے اور درجنوں پولیس اہلکار کئی گھنٹوں تک اس عمارت کی تلاشی لیتے رہے۔ بعد ازاں پولیس کی طرف سے بتایا گیا کہ جن دستاویزات کی تلاش میں وہ اس عمارت میں داخل ہوئی تھی، اسے وہاں ویسا ’کوئی مواد نہیں ملا‘۔بعد ازاں گلشن کے علاقے میں پولیس کے مقامی سربراہ ابوبکر صدیقی نے بتایاکہ گیا ایک عدالتی حکم کے تحت اس عمارت میں داخل ہوئے تھے اور مقصد ملک دشمن اور حکومت دشمن دستاویزات کی تلاش تھا۔

اس چھاپے کے بعد اپوزیشن جماعت بی این پی نے کہا کہ ڈھاکا پولیس کی سابق ملکی وزیر اعظم کے خلاف یہ کارروائی اسی ’سازش‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت خالدہ ضیا پہلے ہی اپنے خلاف مبینہ کرپشن، بغاوت اور تشدد کو ہوا دینے جیسے الزامات کے تحت قریب تین درجن مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ترجمان روح الکبیر رضوی نے اس پولیس کارروائی کے بعد ڈھاکا میں کہاکہ یہ کارروائی حکومت سیاسی وجوہات اور انتقامی سوچ کی بنا پر کروا رہی ہے اور اس کا مقصد ہماری پارٹی سربراہ کی ساکھ خراب کرنا ہے۔رضوی نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے اس چھاپے کے لیے پہلے اس عمارت کے تالے توڑے اور وہاں سکیورٹی کے لیے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی ناکارہ بنا دیے۔

متعلقہ عنوان :