کراچی ‘پولیس موبائل پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید،ایک زخمی

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کا اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس‘رمضان سے قبل ٹارگٹ کلرز کے خلاف آپریشن کی ہدایت

اتوار 21 مئی 2017 12:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) کراچی میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔کراچی میں دھوراجی کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے پولیس موبائل ایس پی ڈی تھری فور نائن پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں موبائل میں سوار 3اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ٹیموں نے زخمی اہلکاروں کو اسپتال پہنچایا تاہم زخمی ہونے والے 2اہلکار اے ایس آئی افتخار اور ہیڈ کانسٹیبل راجہ دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ ہیڈ کانسٹیبل شہباز کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق،2موٹرسائیکلوں پر4حملہ آور سوار تھے جنہوں نے پولیس اہلکاروں کے سروں میں گولیاں ماریں، واقعہ ٹارگٹڈ ہے۔ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے حملہ آوروں کی شناخت بتانے والوں کیلیے 25لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق مہر نے میڈیا کو بتایا ایسا لگتا ہے کہ دہشت گردوں کے سلیپر سیلز نے واردات کی،واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا واقعے کی جگہ سی9ایم ایم کی13اور30 بور پستول کی3خول ملے، گولیوں کے خول فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھیجے جائیں گے۔ سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ حملے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد ملوث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس موبائل روزانہ اسی جگہ کھڑی ہوتی تھی، ملزمان نے کئی دن اہلکاروں کی ریکی کی اور پھر وردات کردی۔ ادھر آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

د وسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔اتوار کوگورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور 2 اہلکاروں کی شہادت کا نوٹس لیا گیا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو رمضان سے قبل ٹارگٹ کلرز کے خلاف آپریشن کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کیسے شروع ہوئی، امن وامان کی صورتحال خراب کرے والوں کے خلاف کارروائی تیزکی جائے۔