ایرانی مداخلت سے نمٹنے کے لیے امریکا خلیج کا دفاع مضبوط بنائے گا، ٹیلرسن

ایران دہشت گرد گروپوں کی ہر طرح کی مدد اور انھیں رقوم مہیا کرنے کا سلسلہ بند کردے،پریس کانفرنس

اتوار 21 مئی 2017 12:30

الریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2017ء) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کی خطے میں مداخلت سے نمٹنے کی غرض سے خلیج کا دفاع مضبوط بنانے کے لیے کام کررہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز انھوں نے یہ بات الریاض میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے موقع پر اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہی ۔

انھوں نے ایرانی صدر حسن روحانی کے دوبارہ انتخاب پر ان سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروپوں کی ہر طرح کی مدد اور انھیں رقوم مہیا کرنے کا سلسلہ بند کردیں۔ریکس ٹیلرسن نے کہاکہ صدر حسن روحانی کے پاس اب موقع ہے کہ وہ ایران کے خطے میں موجود بد امنی اور عدم استحکام کی قوتوں کی حمایت کے کردار کا خاتمہ کردیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ ایران اپنے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کا سلسلہ بھی ختم کردے گا اور ایرانیوں کے آزادیِ اظہار اور اجتماع کی آزادی سے متعلق حقوق کو بحال کردے گا تاکہ ایرانی شہری بھی وہ زندگیاں گزار سکیں ،جس کے وہ حق دار ہیں۔

انھوں نے ایران میں منعقدہ صدارتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور نہ حسن روحانی کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔انھوں نے صرف یہ کہا کہ اگر روحانی ایران کے باقی دنیا کے ساتھ تعلق کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو انھیں بیان کردہ مذکورہ اقدامات کو کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :