سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں کا مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت

اتوار 21 مئی 2017 12:40

سرینگر۔ 21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلندئ درجات کے لیے دُعا کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے، جو سرینگر میں گھر میں نظر بند ہیں، ایک بیان میں کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم خون سے سینچی ہوئی تحریکِ آزادی کو جاری رکھنے کے لیے ہمہ تن جدوجہد کریں اور کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائیں، جس سے عظیم اور بے مثال قربانیوں پر حرف آنے کا احتمال ہو۔

انہوں نے کہا کہ انکی مولوی محمد فاروق کے ساتھ کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں، جبکہ خواجہ عبدالغنی لون کے ساتھ انکے طویل مراسم رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ وہ میر واعظ خاندان کی ان کاوشوں کے دل سے معترف ہیں جو انہوں نے جموں کشمیر میں اشاعت دین کے حوالے سے کی ہیں جبکہ وہ خواجہ عبدالغنی لون کی فطری صلاحیتوں اور جرأت کی ہمیشہ داد دیتے رہے ہیں ۔

حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے میر واعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے جنہوںنے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انہوںنے شہدائے حول کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جس طرح ان معصوموںکا قتل عام کیا اس کی تاریخ میں کوئی مثالیں نہیںملتی ۔انہوںنے کہاکہ ہم ان شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق اور شہید خواجہ عبدالغنی لون اورشہدائے حول کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیاںمظلوم کشمیریوںکا بے مثال سرمایہ ہیں ۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے واعظ مولوی محمد فاروق کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بہترین عالم،اعلیٰ پایہ کے مقرر اور مدبّرسیاست دان تھے جنہوں نے تاریخ کے مختلف ادوار میں اپنی کاوشوں سے کشمیر مسئلے کو زندہ رکھا اور اپنی گوناگوں صلاحیتوں سے کشمیریوں کی ہر سطح پر قیادت کی۔یاسین ملک نے میرواعظ اور انکے خانوادے کی دینی،سیاسی،سماجی اور تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خانوادے نے زندگی کے جملہ شعبہ جات میں کشمیریوں کی راہنمائی کی اور اپنی صلاحیتوں اور کاوشوں کے بل پر تاریخ جموں کشمیر پر ان مٹ نقوش رقم کئے۔

انہوں نے خواجہ عبدالغنی لون کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کشمیر کے زیرک سیاستدان،مدبر اور ماہر قانون تھے جنہوں نے تاریخ کے ہر دور میں مردانہ وار حالات کا مقابلہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے کوششیں کیں۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیردورانِ جدوجہدِ آزادی میں اپنی مظلوم قوم کی بڑی دلیری اور بیباکی سے رہنمائی کی اور دینی و سماجی سطح پر بے شمارکارہائے نمایاں انجام دیکر اپنے عوام کی خدمت کی،جس کیلئے تاریخ اور اپنی قوم انہیں تا دیر یاد رکھے گی ۔

حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش، مختار احمدوازہ، ظفر اکبر بٹ، سید بشیر اندرابی ،حکیم عبدالرشید، محمد رمضان خان، محمد یاسین عطائی، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، فریدہ بہن جی، فردوس احمد شاہ، شبیر احمد ڈاراور دیگر نے بھی میر واعظ لولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو انکی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :