بھارتی جاسوس کلبھوشن کے بارے میں عالمی عدالت کا فیصلہ دوہرے معیار کا عکاس ہے‘عالمی عدالت نے فیصلہ سنا کر دہشتگردوں کا ہمدرد ہونے کا ثبوت دیا ہے‘اقوام متحدہ کے دوہرے معیار کی وجہ سے مسئلہ کشمیر التواء کا شکار ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنما سردار محمد عثمان حیات خان کی صحافیوں سے بات چیت

اتوار 21 مئی 2017 15:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنما سردار محمد عثمان حیات خان نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کے بارے میں عالمی عدالت کا فیصلہ دوہرے معیار کا عکاس ہے ۔عالمی عدالت نے فیصلہ سنا کر دہشتگردوں کا ہمدرد ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔اقوام متحدہ کے دوہرے معیار کی وجہ سے مسئلہ کشمیر التواء کا شکار ہے ۔

عالمی عدالت کے فیصلے سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے ۔دو جوہری طاقتیں آمنے سامنے ہیں ۔اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان حیات خان نے کہا کہ پاکستانی قوم و ادارے ملک کی سلامتی و استحکام کے خلاف کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی ۔اس فیصلے سے ظاہر ہوا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے پاکستان سے امتیازی سلوک کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کو پاکستانی قانون کے تحت سزا دی جائے ۔اقوام متحدہ کے دوہرے معیار کی وجہ سے مسئلہ کشمیر جو شروع دن سے اقوام متحدہ کے پاس موجود ہے اور اس دوران لاکھوں انسانی جانوں کی قربانیاں دی گئی ہیں ۔اس وقت تک حل نہیں ہو سکا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دوغلہ پن ختم کرے اور دنیا بالخصوص جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرائے ۔عالمی عدالت کے فیصلے سے دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے ۔