فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے اور فاٹا ریفارمز کے حوالے سے سیکشن 218کے تحت قرارداد سینیٹ میں جمع

عوامی نیشنل پارٹی کو فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے عمل میں تاخیر پر سخت تشویش ہے اور فاٹا کا انضمام وفاقی بجٹ سے قبل ہوجانا چاہئے تھا ،ْقراردادکامتن

اتوار 21 مئی 2017 15:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے اور فاٹا ریفارمز کے حوالے سے سیکشن 218کے تحت قرارداد سینیٹ آف پاکستان میں جمع کرادی۔ یہ قرار داد سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے سینیٹ میں جمع کرائی ۔ فاٹا ریفارمز سے متعلق قرار داد کے متن کے حوالے سے سینیٹر الیاس احمد بلور نے بتایاکہ عوامی نیشنل پارٹی کو فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے عمل میں تاخیر پر سخت تشویش ہے اور فاٹا کا انضمام وفاقی بجٹ سے قبل ہوجانا چاہئے تھا ۔

انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی چاہتی ہے کہ 2018ء میں آئندہ عام انتخابات سے قبل فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا کا حصہ بن جانا چاہئے اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف اب تک جو 3 آپریشنز ہو چکے ہیں ان سے تباہ ہونیوالے انفراسٹرکچر اور اس کے نتیجے میں آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے بجٹ میں کثیر رقم مختص کی جائے۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ سرتاج عزیز اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے پاکستان کے جی ڈی پی کا 3فیصد فاٹا کو 10سال کے لئے دینے کا جو اعلان کیا تھا اس پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ فاٹا ریفرمز کے حوالے سے کوئی رکاوٹ آڑے نہ آئے۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام تمام سیاسی پارٹیوں کے مفاد میں ہے اور آئندہ عام انتخابات میں تمام پارٹیوں کی نشستوں میں اضافہ ہونے سے سیاسی استحکام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سینیٹ آف پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز سے درخواست کی کہ وہ عوامی نیشنل پارٹی کی اس قرارداد کی مکمل حمایت کریں تاکہ فاٹا ریفارمز اور قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں جلد از جلد ضم ہونے کا عمل مکمل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :