حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے‘ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی رپورٹ وہاں سے باہر نہیں آسکتی

مظفرآباد کے نوجوان سیاسی وسماجی رہنماء ملک مبشر عتیق اعوان کی سابق وفاقی و زیر پرویز رشید سے بات چیت

اتوار 21 مئی 2017 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) مظفرآباد کے نوجوان سیاسی وسماجی رہنماء ملک مبشر عتیق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی رپورٹ وہاں سے باہر نہیں آسکتی ۔ اس لئے حکومت پاکستان فوری طور پر اس مسئلے کو عالمی فورم پر اٹھائے ۔

وہ آج یہاں پنجاب ہاؤس میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سے ملاقات کررہے تھے۔ مبشر عتیق اعوان نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کے دل مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جس طرح سکولوں اور کالجوں کے بچوں نے تحریک آزادی کو ایک نئی جلا دی ہے ہم اس تحریک میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان وہاں پر ہونے والے مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف آزادکشمیر میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ، آزادکشمیر میں ٹورازم کا بڑا پوٹینشل موجود ہے ، روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایاجائے ، جس سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا ۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ لوئر ٹوپہ سے کوہالہ تک دو رویہ سڑک پر فوری طور پر کام شروع کروایاجائے ، اس کے علاوہ آٹھمقام سے تاؤ بٹ تک دو رویہ سڑک بنائی جائے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں معاونت کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹورازم کیلئے ضروری ہے کہ ہوٹل انڈسٹری مضبوط ہو ۔ ہوٹل اور موٹل بنانے کیلئے جن لوگوں کے پاس برلب سڑک موجود ہے ان کو ہوٹل موٹل اور ریسٹ ہاؤس بنانے کیلئے سود سے پاک قرضے دیے جائیں اس کے علاوہ دریائے جہلم اور دریائے نیلم کے ارد گرد پارکس بنائے جائیں ۔ مظفرآباد سے پیر چناسی چیئرلفٹ لگائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جہاں پاکستان میں روڈ انفراسٹرکچر پر بہتر انداز سے کام کررہی ہے آزادکشمیر میں بھی اسی طرح بہتر روڈ انفراسٹرکچر دیاجائے ۔

جس سے آزادکشمیر میں بے روزگاری ختم ہوگی اور لوگوںکو روزگار ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد کو فلاور سٹی بنایاجائے ۔ جس کیلئے سڑکوں کے ساتھ ساتھ اور پہاڑوں پر شجرکاری کے ساتھ ساتھ بہترین قسم کے پھولوں کے باغات لگائے جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ کوہالہ سے مظفرآباد تک کشمیری کلچر کو فروغ دیتے ہوئے روڈ کے ساتھ تعمیر ہونے والی تمام دکانوں اور مکانات کو کشمیری کلچر سے مزین کیاجائے ۔ تا کہ باہر سے آنے والے سیاحوں کو پتہ چل سکے کہ آزادکشمیر کا کیا کلچر ہے اور آزادکشمیر کتنا خوبصورت ہے ۔