خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن نے مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کردیا

انڈر18 انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ دس جولائی سے پشاور اور سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ مردان میں ہوگی خیبرپختونخوا کی ہڑپ کی گئی لاکھوں کی گرانٹ کی ایک ایک پائی کا حساب نوید عالم سے لیں گے ، خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور

اتوار 21 مئی 2017 17:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2017ء) خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن نے دس جولائی سے انڈر18 انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ پشاور جبکہ سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ 15 ستمبر سے مردان میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کی باقاعدہ منظوری گزشتہ روز پشاور میں منعقدہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں دی گئی ۔ اجلاس کی صدارت چیئر مین صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن محمد سعید خان نے کی جو کہ سینئر نائب صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی ہیں ان کے ہمراہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید ظاہر شاہ اور تمام ڈسٹرکٹس کے نمائندے جو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کانگرس کے ممبرز بھی ہیںجن میں سید ظاہر شاہ اور آیاز خان پشاور ، تحسین الله چارسدہ ، حاجی نوار نوشہرہ ، محمد سعید خان مردان ، حق نواز ہری پور، ملک ودان سوات محمد یوسف دیر اور شاہین یوسفزئی صوابی ، منظور احمد کوہاٹ، صدیق تہیم ڈی آئی خان ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن محمد سعید خان نے کہا کہ ہاکی کے فروغ وترقی کیلئے ہماری کاوشیں جاری رہینگی اور ہمارے خلاف ہونے والی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی ۔ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید ظاہر شاہ نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ہم نے ریکارڈ مقابلے کرائے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہیگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال تک نوید عالم کے خلاف کچھ نہیں کہا تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ یہ ہمارے کتنے ڈسٹرکٹ تھوڑ سکتا ہے لیکن الله کے فضل سے آج بھی وہی ڈسٹرکٹ ہمارے ساتھ ہیں ۔ ہم نے سنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے لاکھوں روپے نوید عالم کو مردان ٹورنامنٹ جو کہ ایک بوگس ٹورنامنت تھا فنڈز جاری کئے گئے ۔ ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ نوید عالم کو یہ فنڈ کیوں جاری کئے گئے اور اگے نوید عالم نے کس کو یہ پیسے دیئے ۔

کیونکہ یہ سوال مردان ڈی ایچ اے نے اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ادارہ ہے اور پی ایچ ایف اپنے منتخب صوبوں اور ڈسٹرکٹس کو فنڈز جاری کرتی ہیں اس لئے انہوں نے یہ سوال پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کیا کہ آپ نوید عالم کو پیسے دیئے ہیں یا نہیںاگر پیسے جاری کئے گئے ہیں تو ہم نوید عالم سے ایک ایک پائی کا حساب لینگے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پیسے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کیلئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوید عالم نے ایک سال میں کافی کوشش کی صوبے میں متوازی ایسوسی ایشن بنائی جاسکے لیکن ایک سال بعد بھی وہ کامیاب نہ ہوسکے ۔ آج کے بعد صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن نے تمام ڈسٹرکٹس کو مطلع کیا ہے کہ کسی ڈسٹرکٹس میں نوید عالم کوئی متوازی ایسوسی ایشن بنانے کی کوشش کی تو ہم اس کا بھرپور جواب دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سکروٹنی ہم 2000 سے کررہے ہیں قانون کے مطابق جن کلبوں نے پچھلے ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیا ہے وہی کلبز کی سکروٹنی ہوگی نئے کلبز کیلئے پلینگ رائٹ ہونگے ۔

کیونکہ پی ایچ ایف کا قانون یہی کہتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر وقت ہمارے تمام ہاکی کلب سکروٹنی کیلئے تیارہیں اس موقع پر صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن سید ظاہر شاہ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا شرکا ء نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ وہ پہلے بھی ان کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہینگے ۔ اورخیبرپختونخوا ہاکی کے کھلاڑیوں کے حقوق کے حصول کیلئے سٹرکوں پر نکلنے سے بھی دریغ نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے پنجاب کو تیرا لاکھ ، سندھ کو پانچ لاکھ اور نوید عالم کو 5.5 لاکھ روپے دیئے جبکہ سب سے زیادہ ٹورنامنٹ خیبرپختونخوا نے منعقد کئے ان کو ایک پائی تک نہیں دی گئی ۔