Live Updates

عوامی نیشنل پارٹی کا رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کے طوفان پر تشویش کا اظہار

صوبائی حکومت ، ضلعی انتظامیہ روز مرہ اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں ناکام ، منافع خوروں کی چاندی ہو رہی ہے، ہارون بشیر بلور

اتوار 21 مئی 2017 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کے طوفان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سمیت ضلعی انتظامیہ روز مرہ اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں ناکام ہو چکی ہے اور منافع خوروں کی چاندی ہو رہی ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز سے قبل ایک طرف ناروا لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے تو دوسری طرف ہوشربا مہنگائی اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے ،جبکہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نظرنہیں آرہی ،عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور صوبائی حکومت جھوٹے دعووں اور فریبی نعروں سے ہی فرصت نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ گرانفروشوں سے سامنے بے بس ہو چکی ہے جس کے بعد منافع خور من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لٹیرے ماہ صیام کی تیاریوں میں مصروف عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا صوبے میں نام و نشان تک نہیں،انہوں نے کہا کہ تبدیلی والوں نے صوبے کے عوام کو مہنگائی کے تحفے دیئے ، انہوں نے کہاکہموجودہ صورتحال میں ضلع انتظامیہ کو حرکت میں آنا چاہئے اور عوام کو لوٹنے والے منافع خوروں کا راستہ روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے حالات بگڑتے جا رہے ہیں اور لوٹ مار میں مصروف عناصر پر ہاتھ ڈالنے والا کوئی نہیں ۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات