Live Updates

تحریک انصاف کا بنیادی مقصد ملک کے غریب عوام کو انصاف دلانا اور انہیں بدعنوان اور کرپٹ سیاستدانوں سے نجات دلاناہے،تحریک انصاف کے منتخب نمائندے قومی خزانے کو قوم کی امانت سمجھ کر عوامی منصوبوں پر خرچ کررہے ہیں، پی کے 83سمیت پورے سوات میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ خان کا شمولیتی اجتماع سے خطاب

اتوار 21 مئی 2017 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک اور ماہی پروری محب اللہ خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا بنیادی مقصد ملک کے غریب عوام کو انصاف دلانا اور انہیں بدعنوان اور کرپٹ سیاستدانوں سے نجات دلاناہے۔پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی ایز اور بلدیاتی نمائندے قومی خزانے کو قوم کی امانت سمجھ کر عوامی منصوبوں پر خرچ کررہی ہے ۔

پی کے 83سمیت پورے سوات میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے جن کی بدولت آئندہ بھی پاکستان تحریک انصاف ہی سرخرو ہوگی ۔وہ اتوار کو سوات مٹہ تحصیل کے یونین کونسل شور میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پرعوامی نیشنل پارٹی کے دیرینہ کارکنان سپین خان ،عالم خان ناظم ویلج کونسل شور ٹو،جنرل کونسلر رسول احمد،سید خان پاکستان مسلم لیگ ن سمیت تالکار،شونیال،شورشاہی علاقوں کے سینکڑوں خاندانوں نے پاکستان تحریک انصاف پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

شمولیتی جلسہ سے پی ٹی آئی سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان ، ڈسٹرکٹ ممبر حبیب اللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔محب اللہ خان نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو پارٹی قائدین اور اپنی طرف سے مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف تیزی سے گامزن ہے اور صوبائی حکومت نے نہ صرف قومی اداروں کو عوامی خدمت کا حقیقی معنوںمیں تابع بنایا بلکہ صوبہ بھر میں قومی تعمیر نو کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں ایک سوات ایکسپریس وے کا عظیم الشان مواصلااتی منصوبہ بھی شامل ہے جو پورے مالاکنڈ ڈویژن کی ترقی کا ضامن بنے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اوردیگر اپوزیشن پارٹیوں کو پی ٹی آئی کی کارکردگی ہضم نہیں ہورہی کیونکہ انہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے ۔وزیر اعلی کے معاون خصوصی نے اس موقع پر گاوں تالکار کیلئے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی تعمیر جبکہ واٹر سپلائی سکیم ،علاقے میں ٹرانسفارمر کی تنصیب اورگلی کوچوں کی پختگی جلد از جلد یقینی بنانے کا بھی اعلا ن کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات