جب بھی انتخابات کا وقت قریب آتا ہے تو نام نہاد سیاستدانوں کو قوم کی یادآتی ہے ،پختونوں کے حقوق کا راگ الاپنے والوں کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے ان کے بہکاوے میں آنیوالے نہیں ، صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ، اے این پی نے دوراقتدار میں صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی

صوبائی وزیر وزیر کھیل محمود خان کا عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 21 مئی 2017 20:10

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، آثار قدیمہ اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ جب بھی ملک میں انتخابات کا وقت قریب آتا ہے تو اے این پی اور دیگر نام نہاد سیاستدانوں کو قوم کی یادآتی ہے تاہم پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے اور مزید ان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ، صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جس سے صوبے کے عوام کی مایوسیاں خوشیوں میں بدل رہی ہیں ،اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے اقتدار میں ضلع سمیت پورے صوبے کے پسماندہ اور غربت زدہ علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔

وہ اتوار کو سمبٹ مٹہ سوات میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان مسلم لیگ (ن) او رپی پی پی کے کارکن تاج اکبر خان ، ہارون الرشید ، نور باچا لالا ، محمد خان ، محمد اسرار ، حبیب الرحمان ، گل باچا ، بختی مینوش ، اکبر باچا اور انور علی نے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی بدولت آج دیگر سیاسی جماعتو ںکے کارکن پی ٹی آئی میں جوق درجوق شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جس سے صوبے کے عوام کی مایوسیاں خوشیوں میں بدل رہی ہیں۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے اقتدار میں ضلع سمیت پورے صوبے کے پسماندہ اور غربت زدہ علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی تھی جس سے یہ علاقے ترقی نہیں کر سکے اور یہاں کے عوام میں مایوسیاں بڑھ گئیں لیکن پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ان مایوسیوںکے خاتمے کے لئے مشنری جذبے کے تحت دن رات کام کیا اور اس کی بدولت عوام کا صوبائی حکومت پر اعتماد بحال ہوا۔

انہو ںنے کہا عوام جان چکے ہیں کہ ان کے خیرخواہ کون ہیں اور اب ان نام نہاد سیاستدانوں کے پرفریب نعروں میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی ، مسلم لیگ اور پی پی پی کا دور ختم ہو چکا ہے ، شکست ان کی مقدر ہے وہ جتنے بھی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے عوام ان سے بدظن ہو رہے ہیںاور آنے والا کل پھر تحریک انصاف کا ہو گا۔ انہو ںنے کہا ان سیاسی پارٹیوں نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن ، لوٹ کھسوٹ ، اقربا پروری ، بدعنوانی ، رشوت ، تقرریوں اور تبادلوں کی قیمتیں وصول کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا اور اب کس منہ سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش رہے ہیں چاہے وہ جس طرح کا بھی لبادہ اڑلیں، شکست کے علاوہ ان کے ہاتھوں کچھ نہیں آئے گا۔

محمود خان نے امید ظاہر کی کہ 2018ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف ملک بھر میں کلین سویپ کرنے کی بہترین پوزیشن میں ہے اور مرکز کے علاوہ چاروں صوبوں میں بھی پی ٹی آئی کی حکومتیں ہو ں گی۔

متعلقہ عنوان :