فاٹا کی خیبر پختونخوا میں شمولیت کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور اس کی اتحادیوں کی سازشوں کی مذمت

رمضان المبارک کے اختتام تک اس مسئلے کو تمام پختونوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے بصورت دیگر عید کے بعد ان کی پارٹی اس سلسلے میں بھر پور احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور فاٹا کی خیبر پختونخوا میں انضمام تک جاری رہے گی،سینئروزیرخیبرپختونخوا

اتوار 21 مئی 2017 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے فاٹا کی خیبر پختونخوا میں شمولیت کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور اس کی اتحادیوں کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام تک اس مسئلے کو تمام پختونوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے بصورت دیگر عید کے بعد ان کی پارٹی اس سلسلے میں بھر پور احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور فاٹا کی خیبر پختونخوا میں انضمام تک جاری رہے گی اور ان کی قیادت اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گی ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منسوکہ شبقدر ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منسوکہ پانج پائو کے ناظم عبدالوکیل خان ، خالص خان ، عبدالواحد ، اصغر خان اور فضل بادشاہ نے اپنے اپنے ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر قومی وطن پارٹی پی کے 22-کے چیئرمین فیاض خان ایڈوکیٹ، سابق ایم پی اے بابر علی خان مہمند ، ملک راحت شیر اور پارٹی کے دوسرے عہدیدار اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

سینئر وزیر نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کی خدمت اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کرتی ہے جبکہ پختونوں کے اجتماعی وحدت ان کی ترقی اور پرامن ماحول کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے اور عوام کو اس امر کا بخوبی اندازہ ہے کہ قومی وطن پارٹی کی قیادت نے مشکلا ت کی ہر گھڑی میں قوم کا ساتھ دیا ہے ۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ نوازشریف کی وفاقی حکومت مسلسل ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر پنجاب باالخصوص لاہور پر ہمارے صوبے کے وسائل خرچ کر رہا ہے جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے انعقاد میں تاخیر سمیت آئینی حقوق کی خلاف ورزیاں کرکے قومی مفادات میں خیانت کا مرتکب ہو رہا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔

علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ دریاب کورونہ ، خواجہ ہائوس اخون ظفر باباروڈ پر کام جاری ہے جبکہ سومنات میں پل پر تعمیراتی مکمل ہو چکا ہے اور ہسپتال روڈ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ منسوکہ یونین کونسل کے لئے ایک کلومیٹر روڈ ، دوبجلی کے ٹرانسفارمروں کی فراہمی ، نہر پر چھوٹے پلوں اور سیلاب سے بچائو کے لئے پشتوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیااور علاقے میں ترقیاتی کاموں کے لئے آئندہ بجٹ میں مزید رقوم مختص کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ تقریب سے سابق ایم پی اے بابر علی مہمند اور ناظم عبدالوکیل خان نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :