کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے، شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے، گورنر سندھ

شہر میں بھی سیاسی، سماجی، ثقافتی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور شہری بلاخوف و خطر اپنے روزگار کے امور انجام دے رہے ہیں

اتوار 21 مئی 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے۔ شہر میں بھی سیاسی، سماجی، ثقافتی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور شہری بلاخوف و خطر اپنے روزگار کے امور انجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے زیر انتظام کورنگی میں یتیم خانہ "میرا گھر المصطفی "اور المصطفی اکیڈمی نوری کیمپس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں گورنر سندھ نے فیتہ کاٹ کر میرا گھر المصطفی اور المصطفی اکیڈمی نوری کیمپس کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سماجی بھلائی کی تنظیمیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردارادا کررہی ہیں، یہ تنظیمیں حکومت کے بازو کے طور پر کام کر رھی ھیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ المصطفی ویلفیئر سوسائٹی صحت و تعلیم کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رھی ھے جبکہ سوسائٹی کی جانب سے دور دراز علاقوں میں طبی کیمپوں کا انعقاد بھی قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہاکہ سوسائٹی کا یہ نیا پروجیکٹ بھی لائق تحسین ہے ،حکومت اس طرح کے اداروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ یتیموں کی دیکھ بھال معاشرتی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ باعث ثواب بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت دینا بہت لائق تحسین اقدام ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی حنیف طیب نے کہا کہ سوسائٹی کے زیراہتمام یہ دوسرا یتیم خانہ ہے ،پہلا 2005 کے زلزلہ کے بعد اسلام آباد میں قائم کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم ہماری ترجیح ہے،پاکستان کے ہر علاقہ میں کام کر رہے ہیں۔ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ ہر سال تالو اور ھونٹ کٹے بچوں کے سینکڑوں اور دراز علاقوں میں موتیا کے مفت آپریشن کرتے ھیں۔ انہوں نے کہا کہ تھلیسیمیا اور ڈائلیسز کے مریضوں کو بھی مفت طبی سہولیات فراھم کر رہے ہیں۔ تقریب سے المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عبدالرحیم اور علامہ ابو نصر منظور احمد شاہ نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثنا میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے۔ کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے اور شہر میں بھی سیاسی، سماجی، ثقافتی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور شہری بلاخوف و خطر اپنے روزگار کے امور انجام دے رہے ہیں۔ کراچی کے عوام اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے انتہائی مشکور ہیں خصوصاً رینجرز کی خدمات کے باعث ان کی مزید موجودگی کے خواہاں ہیں ۔ گورنرسندھ نے کے الیکٹرک کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ وہ کے الیکٹرک کے حکام کے ساتھاس مسئلہ پر اجلاس کرچکے ہیں اور ان پر صورتحال کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔