وزیراعلیٰ شہباز شریف سے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کی ملاقات‘بے مثال اقدامات پر وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کی تعریف

ملاقات میں قومی ثقافت کے فروغ ،ملکی تشخص اور قومی ورثے کی بحالی کے لئے ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کرنے اورعدم برداشت اور انتہا پسندی کا مقابلہ فن و ثقافت کے فروغ اور ورثے کے تحفظ سے کرنے پرغور ، نوجوان نسل کی قومی ورثہ اور ثقافت سے آگاہی اور قومی ورثے کے تحفظ اور ثقافت کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر اتفاق عوام آ ئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کو ووٹ دینگے،خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں کامیاب رہے گی‘ الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی‘ پاکستان کے باشعور عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا چکے ،شہبازشریف وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کام کرنے کے غیر معمولی انداز اور رفتار کی مثال ہر جگہ دی جاتی ہے، مریم اورنگزیب

اتوار 21 مئی 2017 21:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے اتوار کے روز یہاں وزیر مملکت اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب نے ملاقات کی۔ملاقات میں قومی ثقافت کے فروغ ،ملکی تشخص اور قومی ورثے کی بحالی کے لئے ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کرنے پر غور اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نوجوان نسل کی قومی ورثہ اور ثقافت سے آگاہی ضروری ہے، عدم برداشت اور انتہا پسندی کا مقابلہ فن و ثقافت کے فروغ اور ورثے کے تحفظ سے کرنے پرغور کے علاوہ قومی ورثے کے تحفظ اور ثقافت کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2017 کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ خوشحال، ترقی یافتہ اور محفوظ ہے اور وزیر اعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کے چار سالہ دور میں ہر شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے،عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو آئینہ دکھا چکے ہیں اور منفی سیاست کرنے والے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں،پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی اور خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی اور عوام آ ئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیر اعلیٰ کی کارکردگی اور ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک محنت اور شاندار ویژن کو پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی سراہا جاتا ہے جبکہ آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کے کام کرنے کے غیر معمولی انداز اور رفتار کی مثال ہر جگہ دی جاتی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کامیاب دورہ چین پر بھی وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی۔