سیاسی ،مذہبی ،قوم پرست جماعتیں اور قبائلی مشران وعمائدین پشتون افغان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متحد ہوجائیں ،اس وقت پشتون انتہاپسند اور دہشت گرد قراردینے کی سازشوں سمیت ان کا کشت وخون جاری ہے جس سے روکنے کیلئے سب کو مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے

سربراہ پشتونخواملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی کا عبدالرحیم مندوخیل (مرحوم )کو خراج عقیدت

اتوار 21 مئی 2017 21:30

ژوب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم مندوخیل (مرحوم )کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سیاسی ،مذہبی ،قوم پرست جماعتوں کے رہنمائوں ،علماء کرام ،قبائلی مشران وعمائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پشتون افغان کو درپیش مشکلات اورچیلنجز سے نمٹنے کیلئے متحد ہوجائیں اس وقت پشتون کو انتہاپسند اور دہشت گرد قراردینے کی سازشوں سمیت ان کا کشت وخون جاری ہے جس سے روکنے کیلئے سب کو مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ،عبدالرحیم مندوخیل کی زندگی اورجدوجہد ہمارے لئے مشعل رہ ہے جس پر گامزن رہ کی ہی درپیش مشکلات وچیلنجز کامقابلہ کیاجاسکتاہے ۔

وہ اتوار کو ژوب میں عبدالرحیم مندوخیل کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کیلئے آنیو الوں سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ،افغان قونصل جنرل وحید اللہ مہمند ،پاکستان مسلم لیگ کے جعفرخان مندوخیل ،جمعیت علماء اسلام کے مولوی اللہ داد ،حاجی نظام الدین کاکڑ ،مختیار لالا ،سینیٹرعثمان کاکڑ ،عبدالقہار خان ودان ،ڈاکٹرحامد خان اچکزئی ،،عبدالرحیم زیارتوال ،عبیداللہ بابت ودیگر بھی موجود تھے ۔

پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پارٹی کے مرحوم ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم مندوخیل کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے اسی سرزمین میں جنم لیا یہی دفن ہوئے مجھ سے زیادہ یہاں کے مقامی افراد ان سے متعلق جانتے ہونگے ،ارشاد ربانی کا مفہوم ہے کہ جب سے دنیا بنی ہے اس وقت سے یہاں حق وباطل یعنی ظالم اور مظلوم کے درمیان جھگڑا چلاآرہاہے اور اس وقت تک یہ جھگڑا جاری رہے گا جب تک ظلم کا خاتمہ نہیں ہوتا اورظالم کو مظلوم کے مقابلے میں شکست نہیں ہوتی ،عبدالرحیم مندوخیل نے پوری زندگی حق کا ساتھ دیا اور وہ مظلوموں کی آواز بنے رہے جبکہ ایک اور جگہ قرآن پاک میں ارشاد ربانی ہے میں نے موت وزیست کو اس لئے وجود دیاتاکہ انسان کے اعمال کو پرکھاجاسکے عبدالرحیم مرحوم نے اپنی زندگی مظلوم کے حقوق اور ظالم کے خلاف گزاری ہے ،انہوں نے ہر وقت مظلوم کے حقوق کیلئے بات کی لیکن آج پشتون افغان وطن کو جن حالات کاسامناہے اور جس انداز میں پشتون اورافغان کے کشت وخون کو جائز قراردیاجارہاہے بلکہ دنیا کویہ تاثر دیاجارہاہے کہ داڑھی رکھے اور پگڑے پہنے افغان ہاتھ میں چھرا لیکر لوگوں کے گلے کاٹ رہاہے یہ تاثر قطعاًً درست نہیں ،ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ اس خطے اور سرزمین پر جنگ مسلط کرنے والے کون تھے ،کوشش کی جارہی ہے کہ پشتونوں کے کشت وخون کاالزام کسی کے سر نہ ہو اور وہ خود کو اس سے مبرا کرنے میں کامیاب رہے ایسے حالات میں عبدالرحیم مندوخیل جیسے قد آور سیاستدان کی موت بہت بڑے سانحہ اورالمیہ سے کم نہیں کیونکہ ایک طرف پشتون افغان کو انتہائی مشکل حالات کاسامناہے تو دوسری طرف وہ ایک عظیم رہنماء سے محروم ہوئے ہیں ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سربراہ اصغرخان اچکزئی ،پاکستان مسلم لیگ جعفرخان مندوخیل جمعیت علماء اسلام کے مولانااللہ داد ،قبائلی عمائدین اور مشران سمیت علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں پشتون سرزمین پر جاری کشت وخون کو روکنے اور اغیار کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو انہوں نے کہاکہ کسی پر بھی زبردستی اپنے نظریے ،فکر ،مذہب اور مسلک کو مسلط نہیں کیاجاسکتا جو لوگ نعوذ باللہ اللہ اس کے الہامی کتابوں اور دیگر سے منکر ہے ان کا معاملہ رب پر ہی چھوڑدیاجائے کیونکہ انسانوں کے اچھے اور برے اعمال کی جزاء اور سزا کااختیار بھی رب کو حاصل ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم سب کو مل کر دنیا کو باور کراناہوگاکہ پشتون قوم انتہاپسند اور دہشت گرد نہیں ہے یہ ایک فرد ،سیاسی جماعت ،قبائلی مشر یا عالم کا کام نہیں بلکہ اس کیلئے سب کو مل کر مشترکہ جدوجہد کرناہوگی ،تب جا کر ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہونگے ،انہوں نے کہاکہ ہم سب مسلمان ہے ہم دوسرے مذاہب کااحترام جانتے اور کرتے ہیں اورکسی اورمذمت سے تعلق رکھنے والوں کو بھی پیغام دیتے ہیں کہ وہ ہمارے مساجد ،علماء کرام اورشعاراللہ کااحترام کرے ان کے مذہب ،مندر ،گرجاگھر اوردیگرعبادت گاہوں کی بھی ہم احترام بہر صورت کرینگے ،انہوں نے کہاکہ یہ سرزمین ہماری ماں ہے اس کی حفاظت اور تقدیس کیلئے پشتون افغان قوم نے ہزاروں شہادتیں دی ہے اور آئندہ بھی اس کے تحفظ اور تقدیس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا ،انہوں نے کہاکہ عبدالرحیم مندوخیل کی بے باک سیاست کے باعث آج لوگ اورپشتون افغان ان کے بچھڑنے کے بعد افسردہ ہے یہاں جب بھی سیاسی اکابرین ،خدائی خدمت گاروں ،سرزمین سے محبت کرنے والوں کا تذکرہ ہوگا یا ان کی تاریخ لکھی جائیگی ان میں ہمارے اس عظیم رہنماء اور سپوت عبدالرحیم مندوخیل کا ذکر ضرور ہوگا۔

محمودخان اچکزئی نے پشتونخوامیپ کے ڈپٹی چیئرمین کی نماز جنازہ میں شرکت اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیلئے آنے والوں کا ذاتی طور پر شکریہ اداکیا اور کہاکہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کی ان کی نماز جنازہ اور فاتحہ خوانی کیلئے آمد عبدالرحیم مندوخیل کے بہترین کردار ،سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔