حکمرانوں نے مودی اور جندال سے دوستی پکی کرنے کے لئے ملک و قوم کو دائو پر لگا دیا ،عوام کو مہنگائی کی بھٹیوں میںجھونک دیا ہے،پرویزالہی

اب قوم رمضان المبارک میں حکمرانوں کی الوداعی دعا کر کے ملک کی ان سے جان چھڑائیں،جلسہ سے خطاب

اتوار 21 مئی 2017 21:40

شیخو پورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2017ء) سابق ڈپٹی وزیر اعظم پاکستان چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مودی اور جندال سے دوستی پکی کرنے کے لئے ملک و قوم کو دائو پر لگا دیا ہے اورعوام کو مہنگائی کی بھٹیوں میںجھونک دیا ہے اب قوم رمضان المبارک میں حکمرانوں کی الوداعی دعا کر کے ملک کی ان سے جان چھڑائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منج ہائوس میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی جنرل سیکرٹری طارق چیمہ،سابق MNA خرم منور منج ،سابق MPAحا جی منور حسین منج ،علی احمد صابر ،وقار حمید گجر اور دیگر رہنما موجود تھے۔انہوں نے کہا کے ڈرامے باز ،بازی گر وزیر اعلیٰ کسی سرکس میں کام کرے ۔تین روپے یونٹ والی بجلی عوام کواس قدر مہنگی دی جا رہی ہے کہ روٹی کھانا محال ہو گیا ہے مگر نواز شریف اور شہباز شریف اپنی کمیشن بڑھانے کے لئے پاور پلانٹ پر اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بجٹ کا 62 فیصد حصہ لاہور میں لگانا پورے پنجاب کے ساتھ زیادتی ہے ۔پرویز الہٰی نے کہا کہ حکومت کی سوچ صرف غریب مکائو پرگرام پر عمل کروا رہی ہے۔اب قوم ،میڈیا ،وکلاء،کسان اور محب وطن لوگوں کو چاہئے کہ تین دہائیوںپر محیط حکمرانی کرنے والے تاجروں کو فوری طور پر اترنے کے لئے اپنا مضبوط اور موثر کر دار ادا کریں ۔انڈیا ہمیں نیچا دیکھانے کے لئے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا مگر بھارتی جاسوس کلبوشن کو چھڑانے کے سلسلہ میں مودی اور جندال نے وکیل کرنے کی بجائے وزیر اعظم پاکستان کو ہی کر لیا ہے۔

نواز شریف مودی اور جندال کی یاری میں آخری حدیں بھی پار کر چکے ہیں اب عوام تھک گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال ٹھیکے پر دینے کے لئے اشتہار دیے جا رہے ہیں لوٹ مار کا با زار گرم ہے میٹرو بس چھ ارب سالانہ ہڑپ کر رہی ہے یہی پیسہ تعلیم،صحت، زراعت اور بیروزگاری پر لگایا جاتا تو آج حالات اور ہوتے۔پرویز الہٰی نے کہا کہ کسانوں کا اتنا برا حشر کیا جا رہا ہے کہ وہ گندم کم قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔

اب تو ن لیگ کے MPA,MNA بار دانہ میں دیاڑیاں لگا رہے ہیں حکمران ہر پانچ منٹ بعد جھوٹ بول کر قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔کسان اور غریب حکمرانوں سے چھٹکارے کے لئے جھاولیاں اٹھا اٹھا کر بد دعائیں مانگ رہے ہیں کیونکہ یہ حکمران تو مکینکل تندور ،پیلی ٹیکسیاں،گرین ٹکسیان اور یوتھ لون سمیت دیگر سکیمیں فلاپ کرکے اربیں روپے کھا چکے ہیں مگر ان کا پیٹ نہیں بھر رہا ۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ ہمارے دور میں 1122 ،تعلیم،صحت،بیروزگاری،نہری نظام،35000 کلومیٹر سڑکوں کا جال ،انصاف تک فوری اور سستی رسائی،مزدوروںاور سرکاری ملازمیں اور افسران کی تنخواہوں میں اضافہ،کسانوں کے لئے خصوصی پیکج سمیت بے شمارعوام دوست پالیسیاں متعارف کروائی گئی جن سے لوگ آج بھی مستفید ہو رہے ہیںمگر حکمران ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگا کرعوام کو بیوقوف بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔