پیمرا کی آج ٹیلی وژن چینل کو 13اپریل کو ہیڈ لائنز میں غیرشائستہ موادشائع کرنے پر ناظرین سے معافی نشر کرنے کی ہدایت

اتوار 21 مئی 2017 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے آج ٹیلی وژن چینل کو ہدایت کی ہے کہ 13اپریل کو ہیڈ لائنز میں غیرشائستہ موادشائع کرنے پر ناظرین سے معافی نشر کرے۔ پیمرا کی طرف سے اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے ٹی وی چینل انتظامیہ کو (آج) پیر کو دن12بجے کی اپنے خبرنامہ میں معافی نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پیمرا نے آج ٹی وی انتظامیہ کو 13اپریل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ 7یوم کے اندر 20 اپریل کو کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرے۔ بعدازاں تحریری جواب اور چینل کے نمائندے کی سماعت کے جائزہ کے بعد معلوم ہوا کہ مذکورہ تاریخ کو آج ٹی وی پر نشر ہونے والا مواد الیکٹرانک میڈیا کے (پروگرام و اشتہارات) کے ضابطہ اخلاق 2015ء کی شقوں 3(1)(a)1، 3(1)(e)، 5،ْ 12اور 17کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

ضابطہ اخلاق کی ان شقوں کی خلاف ورزی پر نہ صرف ٹی وی انتظامیہ کو براہ راست ناظرین سے معافی نشر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بلکہ خبردار کیا گیا ہے کہ انگریزی فلم کے مناظر نشر کرتے ہوئے محتاط رہے اور الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق 2015ء پر کاربند رہے، پیمرا نے چینل کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مواد نشر کرنے سے پہلے اس کی جانچ پڑتال کے لئے اپنی داخلی کمیٹی بھی تشکیل دے اور 15یوم کے اندر پیمرا کو تفصیلات سے آگاہ کرے، چینل انتظامیہ کو ٹائم ڈیلے میکنزم کو مناسب طور پر بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی ہے فیصلے پر عدم عملدرآمد کی صورت میں اتھارٹی چینل کے خلاف پیمرا آرڈیننس 2002ء کی ترمیم شدہ پیمرا ترمیم 2007ء کی شق 29کے تحت اور پیمرا کے دیگر قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائے گی۔

متعلقہ عنوان :