تارکین وطن ثابت کریں وہ جعلی مہاجر نہیں، ورنہ واپس جائیں،آسٹریلیا

جعلی تارکین وطن آسٹریلوی شہریوں کے اداکردہ ٹیکسوں پر بوجھ ہیں،اکتوبرتک کی مہلت دیدی،وزیرامیگریشن امور

پیر 22 مئی 2017 12:00

تارکین وطن ثابت کریں وہ جعلی مہاجر نہیں، ورنہ واپس جائیں،آسٹریلیا
کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) آسٹریلوی حکومت نے کشتیوں کے ذریعے اپنی سرزمین تک پہنچنے والے ساڑھے سات ہزار تارکین وطن سے کہا ہے کہ وہ اکتوبر تک یہ ثابت کریں کہ وہ جعلی مہاجرنہیں ہیں ورنہ انہیں اپنی ملک بدری کے لیے تیار رہنا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امیگریشن امور کے آسٹریلوی وزیر پیٹر ڈوٹون نے ایسے تارکین وطن کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے اس برس یکم اکتوبر تک حکام کے ایسے ثبوت فراہم نہ کیے کہ وہ واقعی پناہ کے حقدار ہیں تو انہیں نہ صرف آسٹریلیا سے ملک بدر کر دیا جائے گا بلکہ ان کے دوبارہ اس ملک میں داخلے پر بھی پابندی لگا دی جائے گی۔

آسٹریلوی وزیر کا کہنا تھاکہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور ٹیکس ادا کرنے والے آسٹریلوی شہریوں کے لاکھوں ڈالر ان تارکین وطن پر خرچ ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ ہمارے عوام کے ٹیکس کے پیسے یوں لوٹ سکتے ہیں تو ہم معذرت خواہ ہیں، آپ کا کھیل ختم ہو چکا ہے۔ ہم پناہ کے حقدار حقیقی مہاجرین کی مدد کرنے کے لیے تو تیار ہیں لیکن جو لوگ ہمارے فلاحی نظام کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور پناہ کی درخواستوں کے ساتھ کوئی ثبوت پیش نہیں کر رہے، ایسے لوگوں کی کوئی مدد نہیں کی جا سکتی۔آسٹریلوی وزیر کے اس بیان کے بعد ملک میں انسانی حقوق اور مہاجرین کی مدد میں سرگرم تنظیموں نے نئے حکومتی اقدامات کی مذمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :