سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرفاروق ستار کی31مقدمات میں ضمانت مظورکرلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 مئی 2017 11:55

سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرفاروق ستار کی31مقدمات میں ضمانت مظورکرلی
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22مئی۔2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی 31 اور راہنما عامر خان کی 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ہے۔فاروق ستار کی ہر مقدمے میں 50 ہزار کے مچلکے کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی گئی۔جسٹس صلاح الدین پنھوار کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فاروق ستار اور عامر خان کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے دونوں راہنماﺅں کی ہر زیر التوا مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں ہر مقدمے میں 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں را ہنماوں پر زیر التوا مقدمات میں 22 اگست 2016 کی نفرت انگیز تقریر میں سہولت کاری کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ حکومت ان مقدمات پر نظر ثانی کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم پر غداری کا الزام ہے تو یہ مائنس لندن کا فارمولا نہیں بلکہ مائنس ایم کیو ایم کا فارمولا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں سے کبھی نہیں گھبرائے، تمام مقدمات سیاسی ہیں، ایم کیو ایم کے خلاف ان مقدمات کولیکر میڈیاٹرائل ہوتا رہاہے۔