بھارتی پولیس نے وزیراعظم مودی کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا

پیر 22 مئی 2017 13:50

بھارتی پولیس نے وزیراعظم مودی کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے نامعلوم ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) بھارتی پولیس نے وزیراعظم نریندرمودی کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست مدھیاپردیش میں سونی نامی نوجوان کو مبینہ طور پر فون کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے اسے وزیر اعظم نریندر مودی کو ریلی کے دوران قتل کر نے کیلئے منصوبہ بندی کا حصہ بننے پر 50کروڑ کی پیشکش کی جس پر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سونی نے بتایا فون کال کرنے والے شخص نے اپنے آپ کو پاکستانی ظاہر کیا تھااور یہ بھی کہا تھا کہ انہوں نے اس کام کیلئے 2حملہ آوروں کا انتخاب کر لیاہے اور مزید ایک ساتھی کی ضرورت ہے جسے منہ مانگے پیسے دیے جائیں گے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سونی نے فون کال موصول ہونے کے بعد ہمیں آگاہ کیا جس کے بعد معاملے کو کرائم برانچ کے حوالے کر دیا گیاہے جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ موبائل نمبر پاکستان کا نہیں بلکہ کاقازقستان کا ہے ۔