آئی پی ایل،دلچسپ مقابلے کے بعد ممبئی انڈینز نے تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پیر 22 مئی 2017 15:19

آئی پی ایل،دلچسپ  مقابلے کے بعد ممبئی انڈینز نے تیسری بار ٹائٹل اپنے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) انڈیا کے شہر حیدرآباد میں کھیلے جانے والے فائنل میں ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل 10 کی ٹرافی جیت کر سب سے زیادہ تین بار چیمپیئن بننے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔انتہائی دلچسپ فائنل مقابلے میں ممبئی نے رائزنگ پونے سپرجائنٹس کو ایک رن سے شکست دی۔فائنل مقابلے میں 19 اوورز تک پونے ٹیم کا دبدبہ قائم تھا لیکن آخری اوور میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل جانسن نے میچ کا رخ تبدیل کر دیا۔

جانسن نے 20 ویں اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔پونے کو آخری اوور میں 11 رنز بنانے تھے لیکن مچل جانسن کے اس اوور میں پونے کے بلے باز صرف نو رن ہی بنا سکے۔اوور کی پہلی گیند پر منوج تیواری نے چار رنز حاصل کیے جبکہ دوسری گیند پر وہ آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

تیسری گیند پر کپتان سٹیون سمتھ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 51 رنز بنائے۔

چوتھی گیند پر ایک رن بنا۔ پانچویں گیند پر دو رنز بنے اور آخری گیند پر چوکا لگانے کی ضرورت آن پڑی ڈینیئل ?رشچیئن دو رن ہی بنا سکے۔آخری اوور میں دو وکٹ لے کر صرف نو رن دینے والے جانسن نے چار اوورز میں کل 26 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ممبئی انڈینز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔

کپتان روہت شرما نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن وہ بھی آؤٹ ہو گئے پھر کرونل پانڈیا کے 47 رنز کی بدولت ممبئی انڈینز کسی طرح 20 اوورز میں 129 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور پونے کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا جو کہ آئی پی ایل میں کوئی مشکل ہدف نہیں تھا۔لیکن ممبئی کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کی اور پونے کے کھلاڑیوں کو کھل کر رنز بنانے کی اجازت نہیں دی۔

آخری تین اوورز میں جب 30 رنز درکار تھے تو ممبئی کو جیت کی ہلکی سی جھلک نظر آ رہی تھی۔ لیکن پونے کی جانب سے پچ پر مہندر سنگھ دھونی اور کپتان سٹیون سمتھ تھے اس لیے کسی کو یہ گمان نہیں تھا کہ وہ یہ رنز حاصل نہیں کر پائیں گے۔ممبئی انڈینز کے کھلاڑی کرونل پانڈیا کو 38 گیندوں میں 47 رنز بنانے کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔ انھوں نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔

پونے کے لیے جے دیو اناڈکٹ، زیمپا اور ڈین کرسچئین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ موجودہ سیزن میں پونے نے ممبئی کو لیگ میں دو بار اور پلے آف میں ایک بار شکست دی تھی۔دسویں سیزن میں سب سے زیادہ رنز سنرائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے بنائے۔ انھوں نے 14 میچون میں تین بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 641 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔بولنگ میں سب سے زیادہ وکٹیں بھی سنرائزرس کے کھلاڑی کے حصے میں آئیں۔ بھونیشور کمار نے مجموعی طور پر 26 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :