مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل نہ نکالا گیا تو کشمیر میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے

کشمیر کی صورتحال بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکی ، حکومت قابو نہیں پاسکتی،کشمیری گروپوں کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کئے جائیں، سابق بھارتی وزیر

پیر 22 مئی 2017 16:51

پناجی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2017ء) بھارت کے سابق وزیر اور کانگریسی رہنماایڈورڈوفلیرو نے خبردار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے سیاسی حل میں ناکامی کشمیر میں عراق اور شام کی طرز پر بڑے پیمانے پر خانہ جنگی کا باعث بن سکتی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایڈوارڈو فلیرو نے پناجی میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کو وادی کشمیر میںحالات معمول پر لانے کے لیے سول سوسائٹی اور کشمیری گروپوں کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے چاہیے۔

فلیرو نے کہاکہ کشمیر میں عوامی احتجاجی تحریک کے دوران تقریباً دس ہزار افراد کو قتل اور زخمی کردیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار نوجوان جیلوں میں نظربند ہیں۔ انہوں نے کہا انسانی حقوق کی بے شمار خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اورکشمیر میں بھارت کی پہچان صرف اس کی فوج ہے جبکہ ارکان اسمبلی اور سول حکومت کہیں دکھائی نہیں دیتی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جنتا دل یونائیٹڈ کے رہنما شرد یادو نے ایک بیان میں کہاکہ وادی کشمیر کی صورتحال بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکی ہے اور حکومت اس پر قابو نہیں پاسکتی ہے۔

انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر غور کرنے کی خاطرکانفرنس منعقد کرانے کے لیے بی جے پی رہنما یشونت سنہا سمیت کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں سے ملاقاتیں کیں۔ یشونت سنہا کشمیر کا دورہ کرنے والے غیر سرکاری وفد کا حصہ تھے ۔