مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورت حال انتہائی کشید ہ،کشمیر حل طلب تنازعہ ہے، نارویجن پارلیمنٹ میں قرار داد پیش

ناروے یورپی یونین، امریکا اور دیگر ممالک کے اشتراک سے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوششیں کرے کشمیر کا شمار ان خطوں میں ہوتاہے جہاں سب سے زیادہ فوج تعینات ہے،کنوٹ اریلڈ ہریدے

پیر 22 مئی 2017 16:53

اوسلو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2017ء) ناروے میں کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی رہنما ،کشمیر پارلیمانی گروپ کے چیئرمین اور خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن کنوٹ اریلڈ ہریدے نے پارلیمنٹ میں ایک قراداد پیش کی ہے جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورت حال کو انتہائی کشید ہ اور مسئلہ کشمیر کو ایک سنگین اور حل طلب تنازعہ قراردیا گیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تنازعہ کشمیر دوایٹمی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ایسا مسئلہ ہے جو کسی بھی وقت خطے میں ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتاہے۔کشمیر کا شمار ان خطوں میں ہوتاہے جہاں سب سے زیادہ تعداد میں فوج تعینات ہے اوریہ صورت حال عالمی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

کنوٹ اریلڈ ہریدے نے ناروے کے وزیرخارجہ بورگے برندے سے استفسار کیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کیا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے زیادہ سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ناروے کو یورپی یونین، امریکا اور دیگر ممالک کے اشتراک سے اقوام متحدہ یا دیگر بین الااقوامی فورمز پر تشدد کو کم کرنے، انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوششیں کرنے کا جائزہ لینا چاہیے۔

کشمیری سیکنڈے نیوین کونسل کے سربراہ سردارعلی شاہ نواز خان نے صحافیوں کو بتایا کہ ناروے کے وزیرخارجہ بورگے برندے 23 مئی کوپارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیرپر پالیسی بیان دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ نارویجن پارلیمنٹ تیرہویں مرتبہ کشمیر پر بحث کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے نارویجن پارلیمنٹ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے پر زوردیا ہے۔

علی شاہ نواز نے کہا کہ کشمیری سیکنڈے نیوین کونسل گزشتہ بائیس برسوں سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششیں کررہی ہے اور اب اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کے حصول کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب صرف ناروے ہی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی اور کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔