امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے بعد اسرائیل پہنچ گئے

ہمارے سامنے انمول موقع ہے کہ ہم خطے اور یہاں کے لوگوں کے لیے امن اور استحکام بحال کریں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایئر پورٹ پر میڈیا سے مختصر گفتگو

پیر 22 مئی 2017 18:04

یروشلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دورہ کے بعد اسرائیل پہنچ گئے ہیں ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اسرائیل پہنچنے کے بعد خطے میں امن اور استحکام قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔تل ابیب کے ہوائی اڈے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے امریکی اور اسرائیل کے اٹوٹ بندھن کا بھی ذکر کیا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ صدر کی حیثیت سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر اس قدیم اور اہم سرزمین پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان اٹوٹ رشتوں کا اعادہ کرنے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے ایک انمول موقع ہے کہ ہم خطے اور یہاں کے لوگوں کے لیے امن اور استحکام بحال کریں۔ دہشت گردی کو شکست دیں ۔ خوشحالی، امن اور آشتی کا مستقبل یقینی بنائیں۔ لیکن یہ سب کچھ مشترکہ کوششوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس کے لیے دوسرا کوئی اور راستہ نہیں۔اس موقعہ پر اسرائیلی وزراء نے امریکی صدر کی درخواست پر فلسطینی معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔