وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دورہء چین انتہائی کامیاب رہا اور خطے کی ترقی کا سنگ میل ثابت ہو گا

آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر کی بات چیت

پیر 22 مئی 2017 18:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دورہء چین انتہائی کامیاب رہا اور خطے کی ترقی کا سنگ میل ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے تراڑکھل کے مقام پر عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پیک سے خطے کے ممالک کے لیئے ترقی و تجارت کے نئے راستے کھلیں گے۔

جس سے اُن کی معیشت کو استحکام ملے گا۔ بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملنے کیساتھ ساتھ پورا خطہ خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ اب دُنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں جہاں ترقی کا ایک سُنہری دور شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس کا کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور اُنکی ٹیم کو جاتا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ پاکستان اور چین سمیت دوست ممالک کے باہمی اشتراک سے اقتصادی ترقی کا ایک انقلابی پروگرام تشکیل پا رہا ہے جس پر پوری دُنیا کی نظریں ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مُلک پاکستان سمیت آزاد کشمیر میں سی پیک سے ترقی کا سُنہری دور شروع ہونے والا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں خطے کی ترقی اور کشمیر کی کی آزاد ی کے لیئے بھرپور جدوجہد ہو رہی ہے جس کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے۔