لیاقت بلوچ نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی یا دوسرے ممکنہ دینی اتحاد کیلئے چیدہ چیدہ جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل

جماعت اسلامی پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ کی جے یو پی (نورانی)‘جے یو آئی (س) ‘ جمعیت اہلحدیث اور دیگر چیدہ چیدہ جماعتوں کے رہنمائو ں سے فرداًفرداً ملاقاتیں

پیر 22 مئی 2017 18:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی یا کسی اور صورت میں ممکنہ دینی اتحاد کیلئے چیدہ چیدہ جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کرلئے ‘ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ان کی جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے بھی ملاقات ہو گئی ہے ۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں دینی اتحاد قائم کرنے کیلئے مذاکرات پر اتفاق کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق لیاقت بلوچ نے انتہائی فعالیت سے دینی جماعتون کے اتحاد کو عملی صورت دینے کیلئے اپنی سرگرمیاں اور تیز کر دی ہیں ۔ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں لیاقت بلوچ پر دیگر جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اتحاد میں پیش رفت کیلئے لیاقت بلوچ نے جمعیت علماء پاکستان (نورانی)‘ جمعیت علماء اسلام (س) ‘ جمعیت اہلحدیث اور دیگر چیدہ چیدہ جماعتوں سے رابطوں کا کام مکمل کرلیاہے۔ ان جماعتوں کے قائدین سے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ نے فرداً فرداً ملاقاتیں کی ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کی ٹیم سے بات چیت کے دوران ان رابطوں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی اور دینی جماعتوں کے اتحاد کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا جائے گا۔ …(رانا+ا ع)