بیرسٹرسلطان اور ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے سامنے سینکڑوں کشمیریوں کا زبردست کینڈل لائٹ مظاہرہ

مظاہرین بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند کرو، اقوام متحدہ کشمیر کی قرادادوں پر عملدرآمد کرائو، مودی قصائی، مودی قاتل، مودی دہشتگردجیسے نعرے لگاتے رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کی انتہاء ہو چکی ، عالمی برادری مسئلہ حل کرانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو فوری طور پر رکوانا پڑیگا، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 22 مئی 2017 19:13

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری اور ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے سامنے سینکڑوں کشمیریوں کا زبردست کینڈل لائٹ مظاہرہ۔اس موقع پرمظاہرے کے دوران مظاہرین زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند کرو، اقوام متحدہ کشمیر کی قرادادوں پر عملدرآمد کرائو، مودی قصائی، مودی قاتل، مودی دہشتگرد جیسے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے اور انہیں نعروں پر مشتمل پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔

اس مظاہرے کی خصوصیت یہ بھی تھی کہ تمام مظاہرین نے موموبتیاں اٹھا رکھی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔یہ مظاہرہ وائٹ ہائوس کے لوگوںکی بھی توجہ کا مرکز رہا اوروہ وہاں سے بار بار آکر دیکھتے رہے۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کینڈل لائٹ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کی انتہاء ہو چکی ہے اب انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو فوری طور پر رکوانا پڑیگا۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وائٹ ہائوس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے شام پر حملہ کرایا کہ شام کے صدر نے لوگوں پر زہریلی گیس والے ہتھیار استعمال کیے ہیں۔کیا انہیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بربریت نظر نہیں آرہی ہے۔اگر عالمی برادری نے اس موقع پر اپنا کردار ادا نہ کیا تو یہ انکا دوہرا معیار ہوگا۔ آج ہم کشمیری یہاں پر اسی لئے جمع ہوئے ہیں کہ امریکہ اور وائٹ ہائوس بالخصوص پوری دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے دنیا میں جگہ جگہ جا کر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور آج میں وائٹ ہائوس کے سامنے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ دنیا بھر میں بسنے والے کشمیر انکے ساتھ ہیں ۔اس موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ بھارت جان لے کہ وہ ظلم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں دبا سکے گااور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی جدوجہد جاری رہے گی۔

ہم آج یہاں واشنگٹن میںوائٹ ہائوس کے سامنے کینڈل لائٹ مظاہرہ اسلئے کررہے ہیں تاکہ امریکہ کو بھی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔آج بعض ممالک اسلئے خاموش ہیں کیونکہ انکے بھارت سے مفادات وابستہ ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹ غلام نبی فائی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آج وائٹ ہائوس کے سامنے اس کینڈ لائٹ مظاہرے میں بھی ہمارے ساتھ شریک ہیں۔

میں انکی جدوجہد پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر وائٹ ہائوس کے سامنے کینڈل لائٹ مظاہرے سے سردار ذوالفقار خان، پروفیسر ڈاکٹ امتیاز خان، چوہدری محمد شعبان، سردار ظریف خان، امتیاز بڑالوی، ساجد سوار خان سید ذیشان حیدر کاظمی،گلفراز انقلابی،،سردار عرفان تصدق ،چوہدری یوسف نذیر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اسی طرح اس مظاہرے سے سرینگر سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماء سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک نے بھی ٹیلی فونک خطاب کیا۔اس موقع پر مظاہرین دو گھنٹے تک وائٹ ہائوس کے سامنے چکر لگاتے رہے۔ بعد ازاں مظاہرہ پر امن طور پرختم ہو گیا۔