مردان میں قائم ملک کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج میں کلاسز کے اجراء کا باضابطہ افتتاح ہوگیا

گرلز کیڈٹ کا قیام خواہش تھی آج کالج میں کلاسز کا اجراء کرکے دلی اطمینان ہوا ہے، محمد عاطف خان ہماری حکومت لڑکیوں کی تعلیم کے بجٹ کو61 ارب روپے سالانہ سے بڑھا کر امسال 118 ارب روپے سالانہ کر دیا ہے ،اگلے مالی سال سے ریکارڈ 138 ارب روپے کیا جار ہا ہے جو تعلیم کے ساتھ ہماری حکومت کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے،وزیرتعلیم خیبرپختوخوا

پیر 22 مئی 2017 23:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے ایک خصوصی تقریب میں مردان میں قائم ملک کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج میں کلاسز کے اجراء کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں صوبائی اسمبلی کی خاتون ارکان زریں ضیاء اور دینا ناز کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم شہزاد بنگش، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی، ڈپٹی کمشنر عمران حامدشیخ، ڈی پی او میاں سعیداحمد، پی آر سی کے کرنل طاہر، ضلع کونسل کی خاتون ارکان سعدیہ مایار، عالیہ نواب، اور نعیمہ ناز، ڈی ای او زنانہ میڈم ثمینہ غنی ، کالج میں داخلہ لینے والی طالبات اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کیں۔

کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر جاوید اور وائس پرنسپل شمع جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالج کے پہلے بیچ کے داخلوں میںملک بھر سے لوگوں نے بھر پور دلچسپی ظاہر کی اور سینکڑوں کی تعداد میں داخلہ فارم جمع کرائے ۔

(جاری ہے)

جن میں خالص میرٹ پر 80 طالبات کو داخلہ دیا گیا ہے جنہوں نے باقاعدہ طور پر کالج میں ایڈمشن لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم محمد عا طف خان کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے اس کالج کا قیام ممکن ہوا اور کہا کہ کالج میں طالبات کی ذہنی اور جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کو جدید تعلیم کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی اور انشاء اللہ یہاں سے فار غ التحصیل ہونے والی طالبات نہ صرف مسلح افواج بلکہ زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی خدمات انجام دے کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔

اپنے خطاب میں وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کا قیام ان کی خواہش تھی اور آج اس کالج میں کلاسز کا اجراء کرکے ان کو دلی اطمینان ہوا ہے کہ اب ہماری قوم کے بیٹوں کے ساتھ ساتھ ہماری بیٹیوں کو بھی کیڈٹ کالج میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل گیا ہے جو اس سے پہلے ایک خواب تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت لڑکیوں کی تعلیم کے بجٹ کو61 ارب روپے سالانہ سے بڑھا کر امسال 118 ارب روپے سالانہ کر دیا ہے اور اگلے مالی سال سے اس کو ریکارڈ 138 ارب روپے کیا جار ہا ہے جو تعلیم کے ساتھ ہماری حکومت کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ تعلیمی بجٹ کا 70فیصد بچیوں کی تعلیم پر خرچ کیا جار رہا ہے۔ انہوں نے مردان میں پاکستان کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری ان بچیوں کو کیڈٹ بننے کا موقع ہاتھ آیا جن کے بھائی اور رشتہ دار کیڈٹ کالجوں میں جاتے تھے اور وہ خود ان کو دیکھ کر ان پر رشک ہی کر سکتی تھیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ فی الوقت گرلز کامرس کالج میں کلاسیں شروع کی جا رہی ہیں اور جلد ہی کیڈٹ کالج کے اپنے بلڈنگ پر کا م شروع ہو گا جس کے لئے تین ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردان میں فاطمہ الفہری کے نام سے گرلز سکول اینڈ کالج پر بھی کام جاری ہے اور انشاء اللہ اس سال ستمبر میں اس میں بھی داخلے ہوں گے۔ اس موقع پر کالج میں داخلہ لینے والی طالبات اور ان کے والدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور صوبے میں ملک کے پہلے گرلز کالج کیڈٹ کالج کے قیام پر صوبائی حکومت اور وزیر تعلیم محمد عاطف خان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :