عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم بند کرانے ،کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں کردار ادا کرے،راجہ ظفر الحق

شہید قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں ، شہادت قوموں کیلئے مشعل راہ ہوتی ہے، قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، سید فیض نقشبندی مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی کا بنیادی مقصد خطے میں فرقہ واریت پھیلانا ،مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرانے کا بھارت اسرائیل منصوبہ ہے،کونیئرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر وپاکستان

پیر 22 مئی 2017 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) کل جماعتی حریت کا اقوام متحدہ سے فیکٹ فنڈنگ کمیشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا مطالبہ، شہید ملت میر واعظ مولانا محمد طارق اور شہید حریت عبدالغنی لون، شہداء حول اور جملہ شہداء جموں و کشمیر کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنونیئر سید فیض نقشبندی نے نیشنل پریس کلب میں تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید قومی سرمایہ ہوتے ہیں ان کی شہادت قوموں کیلئے مشعل راہ ہوتی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافک چینج (آبادتیاتی تبدیلی) کی بھارتی سازش کی مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی کا بنیادی مقصد خطے میں فرقہ واریت پھیلانا اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرانے کا بھارت اسرائیل منصوبہ ہے۔

مہمان خصوصی سینٹر راجہ ظفر الحق نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم بند کرانے اور کشمیریوں کا حق، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر قائدین حریت نے مقبوضہ کشمیر میں آئے روز بھارتی مظالم و بربریت اور شہادتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فیکٹ فنڈنگ کمیشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی بند کرانے اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین اور نوجوانوں کی مسلسل نظر بندی اور آئے روز و شب چھاپوں کے خلاف بھارت پر دبائو ڈالیں اور ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے کشمیری طلبا و طالبات پر ظلم و تشدد کرنے کی مذمت کی۔ مقررین نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر برصغیر میں دیرپا امن ممکن نہیں، کشمیری عوام اپنے مسلمہ پیدائشی حق ’’حق خودارادیت‘‘ کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ کانفرنس میں محمود احمد ساگر، میر طاہر مسعود، منظور الحق بٹ، سید اعجاز رحمانی، سید مظفر حسین شاہ، شمیمہ شال، دائود خان یوسفزئی، محمد شفیع ڈار، میاں مظفر، راشد وانی، کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر قراردادیں بھی منظور کی گئی۔