Live Updates

آصف زرداری اور ان کے گروپ نے سندھ کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،عارف علوی

9سال سے مسلسل اقتدار پر قابض پیپلز پارٹی نے عوام کے مسائل حل نہیں ، پورے سندھ کو مسائلستان بنا دیا ہے،رہنما تحریک انصاف

پیر 22 مئی 2017 23:28

ماتلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) پاکستا ن تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور ان کے گروپ نے سندھ کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ کراچی سے لے کر اوباڑو تک ہر ادارے میں کمیشن کے نام پر کرپشن کا بازار گرم ہے ۔آج سندھ کا پڑھا لکھا نوجوان ڈگریاں لے کر نوکریوں کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے ان کا کوئی پوچھنے والا ہیں ہے۔

9سال سے مسلسل اقتدار پر قابض پیپلز پارٹی کی کرپٹ اور نا اہل قیادت نے عوام کے مسائل حل نہیں بلکہ پورے سندھ کو مسائلستان بنا دیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے حیدر آباد اور ماتلی شہر میں عوامی اجتماعا ت سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر حیدر آباد ریجن کے صدر خاوند بخش جہیجو ، سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ، قادری بھائی،طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی تین پی پر مشتمل ہے ۔ پہلے پی کا مقصدر پولیس، دوسرے پی کا مطلب پٹواری اور تیسرے پی کا مطلب پانی ۔ زردار ی اینڈ کمپنی اپنے سیاسی مخالفین اور غریب ہاریوں کو پولیس گردی، پٹواری اور پانی کی سیاست پر انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ہزاروں کیوسک پانی چوری کر کے آصف زرداری اپنی ہزارو ں ایکڑ زمین کو سیر آب کرتے ہیں اور غریب ہاریوں کی فصلیں پانی نہ ملنے کی وجہ سے تباہ ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے لوگ اب مزید اس کرپشن اور لوٹ مار کے نظام کے لئے تیار نہیں ہے۔ بلکہ وہ تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما عبد المجید نظامانی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور چیئرمین عمرا ن خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ڈاکٹرعارف علوی نے عبد المجید نظامانی اور ان کے ساتھیوں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ آپ کا فیصلہ یہ ثا بت کرے گا کہ آپ نے سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بہترین فیصلہ کیا تھا ۔

کیونکہ سندھ کی ترقی کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے کیونکہ جب تک اس دھرتی سے لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا اس صوبے کے شہری خوشحال اور ترقی یافتہ نہیں ہو سکتے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات