Live Updates

تحریک انصاف کا کوئٹہ میں جلسہ خود عمران خان کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگیا، ملک آفتاب خواجہ خیل

پیر 22 مئی 2017 23:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر رہنماء ملک آفتاب خواجہ خیل نے کہا ہے کہ غیر جمہوری انداز میں سیاست میں کودنے اور جمہوری حکومت کو غیر مستحکم کرنے والوں کی سیاست بلوچستان کی سرزمین پر آکر دم توڑ چکی ہے تحریک انصاف کے حالیہ جلسہ نے عمران خان اور اس کے حواریوں کو پیغام دے دیا کہ بلوچستان کے غیور عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلے یکجا ہیں اور اپنے قائد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے ہمراہ ملک میں جمہوری اقتدار کے تحفظ آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ خود عمران خان کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگیا بلوچستان کے غیور عوام نے جلسہ میں شرکت نہ کرکے کنٹینر سیاست کرنے والوں کو یہ بتا دیا کہ عوامی مینڈنٹ پر شب خون مارنے اور جمہوریت پر حملہ آور ہونے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے جلسہ کا واویلا کرنے والوں کی جلسی میں کرسیاں خالی پڑی رہیں اور عمران خان سمیت دیگر خالی کرسیوں سے خطاب کرکے خود کو چیمپئن ثابت کرنے کی کوشش کرتے رہے ہمارا مشورہ ہے کہ اب آئندہ تحریک انصاف کے قائد کوئٹہ میں جلسہ کرنے کی کوشش نہ کرے کیونکہ بلوچستان کے عوام مہمان نواز اور معصوم ضرور ہیں مگر اتنا سمجھتے ہیں کہ جو مفاد پرست عناصر گزشتہ 10 سال میں کبھی ان کا حال پوچھنے کیلئے نہیں آئے آج انتخابات کے قریب آتے ہی ووٹ کی بھیک ماننے آگئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ملک گیر جماعت ہے جس کی قیادت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کررہے ہیں جنہوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے بلوچستان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ان پالیسیوں پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے صوبہ کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں اور ان تمام حقائق سے اہل بلوچستان آگاہ ہیں موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تیزی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے جو بلوچستان کیلئے ترقی کا زینہ ہوگا چین کے حالیہ دورہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے جن منصوبوں کی منظوری لیکر آئے ہیں وہ اس سرزمین کی تقدیر بدل دیں گے لہٰذا ہم شب خون مارنے والوں کو واضح کر دینا چاہتے ہیں وہ وزیراعظم بننے کے خواب دینا چھوڑ دیں بلوچستان کی عوام نے میاں محمد نوازشریف کے پرچم کو مضبوطی سے تھام رکھا ہے یہاں ان نومولود سیاستدانوں کی دال گلنے والی نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات