کوئٹہ،سوئی میں بگٹی قبائل کے زیر اہتمام نواب میر عالی بگٹی سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد

پیر 22 مئی 2017 23:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) سوئی میں بگٹی قبائل کے زیر اہتمام بگٹی قبائل کے سربراہ نواب میر عالی بگٹی سے اظہار یکجہتی کے لئے بہت بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔جس میں عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی ریلی کے شرکاء بگٹی کالونی سے سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر تحصیل بازار پہنچے۔شرکاء نے پلے کارڈز۔بینرز اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج اور نواب میر عالی بگٹی کے حق میں نعرے درج تھے۔

تحصیل بازار چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حاجی یار محمد دیناری بگٹی۔جے ڈبلیو پی کے ضلعی صدر میر علی حبیبانی بگٹی، لچھو ہمزانی بگٹی، باھو ہمزانی بگٹی ، روشن خان را ہیجہ بگٹی، وڈیرہ محمدان چندرانزئی بگٹی، حاجی ویزی باخلانی، حاجی صدورا باخلانی، وڈیرہ منشی ہوتکانی، عیسیٰ خان دیناری، وڈیرہ عبدالغفور بندلانی، شاہ گل موندرانی، وڈیرہ عبدالکریم مسوری، مورو خان مرہٹہ، وڈیرہ ظفر اللہ خان کیازی ، سمیت دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پاک فوج ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور محنت سے امن و امان بحال ھوگیا ھے اور یہاں کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ھے۔

(جاری ہے)

اور ھم اپنے اداروں پر ان کی اعلی کارکردگی پر فخر کرتے ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ بگٹی قبائل کے قیادت کے لئے اور عوامی مسائل کے حقیقی حل کے لئے نواب میر عالی بگٹی واپس آکر علاقے میں قبائل کی قیادت سنبھال لیں۔بگٹی قبائل ان کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد فصلی سیاستدانوں نے ڈیرہ بگٹی کے عوام کو محض کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیاآج پھیلاوغ سے لیکر سوئی تک پانی کی شدید قلت کی وجہ سے یہ علاقے میدان کربلا بنے ہوئے ہیں۔

سرکاری ملازمتوں پر وڈیروں اور خوش آمدی ٹولے کو نوازنے کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کو فروخت کی باقاعدہ منڈی لگائی گئی ہے اور ضلع میں کرپشن اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے سرکاری سکیموں کے نام پر اربوں روپے عوامی نمائندگی کے دعویداروں نے ہڑپ کر لیے اور کرپشن یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔بے روز گار اور اعلی تعلیمیافتہ طبقہ بے بسی سے ایک دوسرے کا منہ تک رہے ہیں۔

ھم اپنے مقتدر حلقوں اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بگٹی قبائل کے حقیقی راہنماء کو واپس ڈیرہ بگٹی لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہاں کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے اور وہ سکون کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی ایجنٹ اور سینکڑوں معصوم لوگوں کے قتل میں ملوث کلبھوشن یادیو کو فوری طور پر تختئہ دار پر لٹکا کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔اس موقع پر شرکاء نے نواب میر عالی بگٹی اور پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :