معطل کرکٹر شاہ زیب حسن نے ٹریبیونل کے سامنے جواب جمع کروا دیا

اپنے گواہوں میں پی سی بی آفیشلز کو بھی شامل کیا ہے، پی سی بی نے اپنے ابتدائی شواہد میں کہہ دیا ہے کہ وہ اس سے باہر نہیں جائیں گے، وکیل کاشف رجوانہ

پیر 22 مئی 2017 22:45

معطل کرکٹر شاہ زیب حسن نے ٹریبیونل کے سامنے جواب جمع کروا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن نے ٹریبیونل کے سامنے جواب جمع کروا دیا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریبیونل میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ زیب حسن کے وکیل کاشف رجوانہ نے کہا کہ پی سی بی کے شواہد پر 78 صفحات پر مشتمل جواب جمع کروا دیا ہے۔ اپنے گواہوں میں پی سی بی آفیشلز کو بھی شامل کیا ہے، پی سی بی نے اپنے ابتدائی شواہد میں کہہ دیا ہے کہ وہ اس سے باہر نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریبیونل کی کارروائی قانون اور آئین کے مطابق ہو رہی ہے جس سے پوری طرح مطمئن ہیں، 3 معزز ممبران غیرجانبدار ہیں اور ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی تفتیش میرٹ پر ہو رہی ہے، کسی ڈیل کی جانب نہیں جارہے۔اوپنر کو اینٹی کرپشن یونٹ نے آرٹیکل 4.3 کے تحت مزید بازپرس کیلیے بھی طلب کیا تھا، 4 مئی کو ٹریبیونل نے شاہ زیب حسن کے وکیل کو الزامات کی تفصیلات، گواہوں کے بیانات، ریکارڈ شدہ انٹرویو اور واٹس ایپ پیغامات وغیرہ کی کاپیز فراہم کی گئیں، اوپنر کو 18 مئی کو جواب جمع کروانا تھا تاہم ثبوتوں کی تفصیلات نہ ملنے کی وجہ سے جواب آج جمع کروایا ہے۔ پی سی بی اوپنر کے جواب پر اپنا مؤقف 25 مئی کو پیش کر سکے گا۔۔