صوبائی حکومت تعلیمی نظام کے تمام تر مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کررہی ہے، ہم نئی نسل کیلئے تعلیمی معیار کو اس قدر بہتر بنانا چاہتے ہیںجوآنیوالی نسلوں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا

رکن صوبائی اسمبلی انٹی کرپشن ڈاکٹر حیدر علی کا سوات یونیورسٹی کے وفد سے گفتگو

پیر 22 مئی 2017 21:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے انٹی کرپشن ڈاکٹر حیدر علی نے کہا ہے کہ ہم نئی نسل کیلئے تعلیمی معیار کو اس قدر بہتر بنانا چاہتے ہیںکہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہترسنگ میل ثابت ہوسکے اوراس سلسلے میں صوبائی حکومت تعلیمی نظام کے تمام تر مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کررہی ہے۔

وہ پیر کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات یونیورسٹی کے وفد گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر حیدر علی نے یونیورسٹی انتظامیہ کے وفد سے کہا کہ یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں میں تاخیر کو کوتاہی تصور کیا جائے گا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ انھیں روزانہ کی بنیاد پر یونیورسٹی کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حیدر علی نے مزید کہا کہ سوات کے روشن مستقبل کے لئے جامعہ ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی لاکر جامعہ کو جلد از جلد خود کفیل بنایا جائے۔ڈاکٹر حیدر نے وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم ،انٹی کرپشن اور آر ٹی آئی کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں جامعہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے مختلف محکموں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی۔جس میں وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم،انٹی کرپشن،محکمہ اعلیٰ تعلیم اور محکمہ خزانہ کے افسران شامل ہونگے۔

اس ٹیم کے تشکیل کا مقصد ترقیاتی کاموں کے بارے میں ماہانہ اجلاس طلب کرنا ہے جس میں یونیورسٹی انتظامیہ اپنی تمام تر کارکردگی سامنے رکھ کر بیان کرے گی۔انہوںنے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ سوات یونیورسٹی کے طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرے تا کہ ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے۔