امریکا مشرق وسطی میںخطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے، ایران کا الزام

امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران منعقدہ سمٹ محض ایک شو تھی، اس اجلاس کی کسی بھی قسم کی کوئی عملی اور سیاسی حیثیت نہیں تھی،ایرانی صدر حسن روحانی

پیر 22 مئی 2017 21:57

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) ایران نے الزام لگایا ہے کہ امریکا مشرق وسطی میں خطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے جبکہ ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران منعقدہ سمٹ کو محض ایک شو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اجلاس کی کسی بھی قسم کی کوئی عملی اور سیاسی حیثیت نہیں تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے الزام لگایا ہے کہ امریکا مشرق وسطی میں خطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔

تہران کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا عرب ممالک کو اسلحہ بیچنے کے لیے ایرانوفوبیا میں مبتلا ہو گیا ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کے دورے کے دوران امریکی صدر نے ایران پر مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلانے اور دہشت گردوں کی معاونت کرنے کا الزام لگایا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم ایرانی وزارت داخلہ کے ترجمان نے ٹرمپ کے ان بیانات بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔

ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران منعقدہ سمٹ کو محض ایک شو قرار دیا ہے ۔روحانی کے مطابق اس وقت امریکا اور ایران کے تعلقات ایک مشکل راستے پر ہیں۔ انہوں نے تہران کی طرف سے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔ اپنے دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح پیغام ہے کہ تہران برابری کی سطح پر عالمی برادری سے روابط کے لیے تیار ہے۔