پاکستان کے سعودی عرب اور ایران کے ساتھ تعلقات واضح ہیں ، پا ک سعودی عرب دوستی سے کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ،حافظ طاہر محمود اشرفی

پیر 22 مئی 2017 21:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) پاکستان کے سعودی عرب اور ایران کے ساتھ تعلقات واضح ہیں ، ریاض کانفرنس کا اعلامیہ عرب اسلامی ممالک اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو واضح کرتا ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب دوستی سے کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ، وزیر اعظم تقریر کیوں نہ کر سکے ، یہ وزیر اعظم ہائوس اور وزارت خارجہ بتائے ، 24 مئی کو لاہور میں وحدت امت کانفرنس منعقد ہو گی ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ ریاض میں ہونے والی عرب اسلامی امریکی کانفرنس کا ہدف دہشت گردی اور انتہاء پسندی تھا ، مشرق وسطیٰ میں پھیلنے والی دہشت گردی اور انتہاء پسندی میں ایران کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ، یمن ، شام اور عراق کی صورتحال ایران کی مداخلت کی وجہ سے بدترین ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

عرب ممالک کو ایران کے حوالہ سے اپنی پالیسیاں بنانے کا اختیار ہے ، پاکستان کو اپنے مفادات اور مصلحتوں کے مطابق پالیسیاں بنانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی تقریر کیوں نہ ہو سکی ، اس کے متعلق وزارت خارجہ اور وزیر اعظم ہائوس سے پوچھی جائے ۔ ہمیں اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں پر غور کرنا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ 24 مئی کو لاہور میں وحدت امت کانفرنس ہو گی جس میں پاکستان علماء کونسل اہم اعلان کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مکتہ المکرمہ اور حرم مکتہ المکرمہ میں دورے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔