کوئٹہ،کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی ، اصلاح ، ذہنی و اخلاقی تربیت میں استاد کاکردار اہم ہوتا ہے،جاوید اقبال بنگش

پیر 22 مئی 2017 21:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی ، اصلاح ، ذہنی و اخلاقی تربیت میں استاد کاکردار بڑا اہم ہوتا ہے۔ تمام انبیاء کرام نے انسانیت کی خدمت باہمی احترام برداشت ،رواداری ، حقوق وفرائض کی بہتر ادائیگی ، خلوص ، بھائی چارگی اور امن کا پیغام دے کر دنیا میں بحیثیت استاد تبلیغ کا کام کیا۔ سیکھنے اور سیکھانے کا عمل اللہ کے ہاں بہترین اور پسندیدہ عمل ہے۔

حضور ؐ اکرم ، نور مجسم ، ہادی برحق حضرت محمد ؐنے تو قرآن سیکھنے اور سیکھانے والے کو بہترین اور افضل قرار دے کر شعبہ علم و تعلیم کی خوب اہمیت اُ جاگر کی۔ اساتذہ اپنے شعبے اور پیشے کی لاج رکھتے ہوئے انسانیت کی ڈوبتی ہوئی ناوُ کو کنارے لگانے کیلئے خلوص اور لگن سے کام کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار کیڈٹ کالج مستونگ کے پرنسپل جاوید اقبال بنگش نے کالج اساتذہ درس و تدریس کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل اساتذہ کے رحم و کرم پر ہے آج اگر استاد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے طلباء کی جس اسٹیج پر تعلیم وتربیت کرے گا تو اس کا نتیجہ آنے والے وقتوں میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج مستونگ کے اساتذہ اپنی ذمہ داریوں سے خوب آگاہ ہیں۔ کالج میں بہترین تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ طلباء کی دینی اور اخلاقی تربیت پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالج اساتذہ کی انتہک محنت اور کاوشوں کی بدولت مستقبل میں مثنت تبدیلی متوقع ہے اور یہ سلسلہ انشاء اللہ جاری ساری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :